’ایران میں موجود ہندوستانی جلد از جلد وہاں سے باہر نکلیں‘، ہندوستانی سفارتخانہ کی تنبیہ
ایران میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے ٹریول ایڈوائزری کو دہراتے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کا سفر کرنے سے پرہیز کریں۔

ایران میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ہندوستانی شہریوں کے لیے اپنی سفری ہدایات (ٹریول ایڈوائزری) کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی شہری فی الحال ایران کا سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ سفارت خانہ کی طرف سے جاری مشورہ میں کہا گیا ہے کہ خطہ میں حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے سبھی ہندوستانی شہریوں کو ایران کا سفر کرنے سے بچنے کے اپنے گزشتہ مشورہ کو دہرایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جو ہندوستانی شہری اس وقت ایران میں موجود ہیں، انھیں دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے جلد از جلد ملک سے باہر نکلنے کی صلاح دی گئی ہے۔
سفارتخانہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ خطہ کے سیکورٹی حالات کو دیکھتے ہوئے احتیاط برتنا ضروری ہے۔ ایسے میں ہندوستانی شہریوں کو مقامی انتظامیہ اور ہندوستانی سفارتخانہ کے ذریعہ جاری آفیشیل ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بیرون ملکی سفر کا منصوبہ بنا رہے لوگوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے نئی سرکاری ایڈوائزری کی جانچ کریں اور حالات معمول پر آنے تک غیر ضروری سفر سے بچیں۔ علاوہ ازیں ایران میں موجود ہندوستانی شہریوں کو دستیاب وسائل یعنی ٹرانسپورٹیشن متبادل کے ذریعہ محفوظ مقام یا ملک سے باہر نکلنے کا منصوبہ بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مغربی ایران کے کرمان شاہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آئندہ اطلاع تک سبھی پروازوں کو رد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ خطہ میں سیکورٹی حالات بگڑنے کے بعد لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب آج صبح اسرائیل کی جانب سے تہران کے علاوہ اصفہان اور تبریز کو نشانہ بنا کر حملے کیے جانے کی خبریں سامنے آئیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں سے آئندہ اطلاع تک سفر کے منصوبوں کی تصدیق کرنے اور آفیشیل اپڈیٹ پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
