ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ 4 روزہ سرکاری دورے پر جمہوریہ چیک روانہ
ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ کو جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کی خصوصی تربیت، فوجی آپریشن کی صلاحیتوں اور مستقبل کے سلامتی چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ اتوار (15 نومبر) کو جمہوریہ چیک کے لیے روانہ ہوگئے۔ وہ 16 نومبر سے جمہوریہ چیک کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ ان کا یہ دورہ 19 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس 4 روزہ دورے کا بنیادی مقصد ہندوستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تال میل بڑھانا اور دفاعی ٹیکنالوجی و صنعت کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔
جمہوریہ چیک کے دورے کے دوران جنرل دھیرج سیٹھ وہاں کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی افسران کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پراگ میں واقع جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر میں جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے پہلے نائب سربراہ اور نائب وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل پیٹر چیپیلکا سے ملاقات کریں گے۔ وزارت دفاع کے مطابق اس دوران دونوں فریق کے درمیان فوجی تعاون، تربیت اور افواج کی جدید کاری سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی افسران ابھرتے ہوئے سلامتی کے چیلنجوں سے متعلق مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
جنرل دھیرج سیٹھ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والی پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔ وہ جمہوریہ چیک کی وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران باہمی مفادات سے جڑے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس دورے میں دفاعی تربیت اور فوجی صلاحیتوں کو سمجھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وہ برنو میں واقع ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نیٹو کے مشترکہ کیمیائی، حیاتیاتی، ریڈیولوجیکل اور جوہری دفاع کے ’سنٹر آف ایکسیلنس‘ بھی جائیں گے۔ آرمی چیف کو جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کی خصوصی تربیت، فوجی آپریشن کی صلاحیتوں اور مستقبل کے سلامتی چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔
دفاعی ٹیکنالوجی اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جنرل دھیرج سیٹھ ’انٹر گورنمنٹل ایجنسی فار ڈیفنس کوآپریشن‘ (ایموس)، دفاعی و سلامتی صنعت کی ایسوسی ایشن اور بڑے دفاعی سازوسامان تیار کرنے والے اداروں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی سازوسامان، تکنیکی تعاون اور صنعتی شراکت داری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
