نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو ایک سبق دے دیا ہے: عمران خاں 

پاکستان کے وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی مساجد پر ہونے والے حالیہ حملے کے واقع پر ان کے انتہائی ہمدردانہ رویہ کی تعریف کی۔

آپ نے پاکستانی عوام کا دل جیت لیا ہے، عمران خان
آپ نے پاکستانی عوام کا دل جیت لیا ہے، عمران خان
user

ڈی. ڈبلیو

پاکستانی وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کی انتظامیہ کی جانب سے مسلمانوں کو دی جانے والی عزت اور احترام کو دل سے سراہتے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنی ہم منصب سے گفتگو میں مزید کہا کہ انہوں نے اسلامو فوبیا اور عالمی سطح پر بڑھتی شدت پسندی کے باوجود عالمی رہنماؤں کو ایک درست راستہ اپنانے کا سبق دے دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ کہ جیسینڈا آرڈن نے اپنے موقف سے کئی پاکستانیوں کا دل جیت لیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں چند روز قبل ایک سفید فام دہشت گرد نے دو مساجد پر فائرنگ کر کے قریب پچاس افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ان میں نو پاکستانی باشندے بھی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اس حملے میں متاثرہ افراد سے ملاقات کی، انہیں گلے لگایا اور ایک بے مثال انداز میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور اپنی تقاریر میں کہا کہ نیوزی لینڈ میں بسنے والے مسلمان اس ملک کا حصہ ہیں اور ہر صورت میں ان کا تحفظ کیا جائے گا۔

جیسینڈا آرڈن نے پاکستانی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس حالیہ واقع کے بعد ان کا ملک سکتے میں ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد شہری نعیم رشید کی بہادری کو بھی سراہا جو دوسروں کو بچانے کے لیے حملہ آور سے اُس کا اسلحہ چھیننے کی کوشش میں اپنی جان سے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */