’بڑے عہدوں پر چھوٹے آدمی‘: عمران خان

عمران خان نے پاکستانی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ کی ایک مجوزہ ملاقات کی منسوخی پرشدید تنقید کی ہے۔ ان کے بقول یہ ’متکبرانہ‘ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ’بڑے عہدوں پر چھوٹے آدمی‘ فائز ہیں۔

تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
user

ڈی. ڈبلیو

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے ہفتہ 22 ستمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی رائٹر کی رپورٹوں کے مطابق جنوبی ایشیا کی ان دونوں حریف ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے مابین یہ طے پایا تھا کہ وہ کافی عرصے سے ان کے درمیان چلی آرہی موجودہ کشیدگی میں کمی کے لیے ایک دوسرے سے بات چیت کریں گے اور اس سلسلے میں نیو یارک میں پاکستانی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ آپس میں ملاقات کریں گے۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی ہم منصب سشما سوراج کے مابین یہ مجوزہ ملاقات امریکی شہر نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے حاشیے پر اسی مہینے ہونا تھی۔ لیکن ہندوستان کی طرف سے جمعہ 21 ستمبر کے روز یہ ملاقات یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دی گئی کہ نئی دہلی، اسلام آباد کے ساتھ مکالمت نہیں کرنا چاہتا۔

ہندوستان کی طرف سے اس ملاقات کی منسوخی کے پس منظر کے طور پر بین السطور میں دونوں ممالک کے مابین سرحدی محافظ فورس کے ارکان کی ہلاکت کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔ اگر قریشی اور سوراج کی یہ ملاقات ہو جاتی، تو یہ دونوں دیرینہ حریف ممالک کے مابین پچھلے کئی برسوں کے دوران اپنی نوعیت کا اعلیٰ ترین رابطہ ہوتی۔

اس ملاقات کی منسوخی پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ 22 ستمبر کے روز نہ صرف شدید برہمی کا اظہار کیا بلکہ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ نئی دہلی کا یہ فیصلہ ہندوستان کے ’پُرتکبر‘ رویے کا ثبوت ہے، جو قابل مذمت ہے۔

ساتھ ہی عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ کی اس مجوزہ ملاقات کا منسوخ کیا جانا اس امر کا ثبوت بھی ہے کہ (ہندوستان میں) ’بڑے عہدوں پر چھوٹے آدمی‘ قابض ہیں، جو تبدیلی (دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور باہمی کشیدگی میں کمی) کے خلاف ہیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے سشما سوراج کی شاہ محمود قریشی سے طے شدہ ملاقات کو منسوخ کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ یہ ملاقات اس لیے منسوخ کی جا رہی ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اپنے ساتھ ایک ’شیطانی ایجنڈا‘ لیے ہوئے ہیں۔

ساتھ ہی عمران خان نے یہ بھی لکھا، ’’اپنی پوری زندگی میں میرا ایسے کئی چھوٹے افراد سے واسطہ پڑا ہے، جو بڑے عہدوں پر فائز تھے اور جن میں اتنی بصیرت ہی نہیں تھی کہ وہ کسی بڑی تصویر کو اس کی مکمل جسامت کے ساتھ دیکھ سکتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Sep 2018, 6:35 AM