اہم خبر: ’ہندوستان میں سب کچھ ٹھیک ہے‘، امریکہ سے مودی کا پیغام

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Sep 2019, 6:10 AM

اہم خبر: ’ہندوستان میں سب کچھ ٹھیک ہے‘، امریکہ سے مودی کا پیغام

ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکسس میں منعقدہ ’ہاؤڈی مودی‘ نامی تقریب سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور امریکی قانون سازوں کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں سب کچھ ٹھیک ہے۔

انہوں نے مختلف ہندوستانی زبانوں پنجابی، گجراتی، بنگلہ اور ہندی کے جملے دہرائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی اپنے صبرکو پہنچانتے ہیں لیکن وہ اب ترقی کے تئیں بے صبر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا،‘ ہم خود کو بدل رہے ہیں اور چیلنج کر رہے ہیں۔ ہم اپنے مقصد کو بلند کر رہے ہیں اور بلندی حاصل کررہے ہیں‘۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان میں’وِکاس‘ (ترقی) کالفظ اب بہت مشہور ہوگیا ہے اور (منتر) نعرہ ہے ’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘۔

23 Sep 2019, 6:26 AM

دہشت گردی سے تحفظ کے تئیں ہندوستان۔امریکہ پابند عہد

امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں ہندوستان اور امریکہ کی دوستی کی تاریخ میں رشتوں کے شدید مستحکم ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ امریکہ اور ہندوستان اپنے ملکوں کی سرحدوں کے تحفظ اور ’اسلامی دہشت گردی‘ سے شہریوں کو بچانے کےتئیں پابند عہد ہیں۔

ٹرمپ نے ٹیکسس صوبے کے دارالحکومت ہیوسٹن میں این آر جی فٹبال اسٹیڈیم میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ 50 ہزار سے زیادہ ہند نژاد امریکی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا، ’وہائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر ہندوستان کا کوئی دوست کبھی نہیں ہوا اور نہ ہوسکتا ہے‘۔

امریکی صدر نے مودی کو امریکہ کا سب سے مخلص دوست قرار دیا اور انھیں حالیہ ان کی سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مودی وہی کر رہے ہیں جو امریکہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مودی کو ہندوستان اور امریکہ کے رشتوں کو بلندی پر لے جانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے رشتے اتنے مستحکم کبھی نہیں ہوئے۔

22 Sep 2019, 9:10 PM

جمہوریت خطرے میں ہے، بی جے پی تاناشاہی تھوپنے کی سازش کر رہی ہے... اکھیلیش

لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو نے کہا کہ جمہوریت پر خطرہ ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک پر تاناشاہی تھوپنے کی سازش کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر سابق رکن پارلیمنٹ کی چھٹویں برسی پر ان کی تصویر پر گلپوشی کے بعد منعقد ’شردھانجلی سبھا‘ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج شہری حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ بی جے پی کی غلط مالی پالیسی کی وجہ سے ملک کی معیشت بد حال ہوتی جارہی ہے۔ عوام کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کے لیے گمراہ کن تشہیر کی جارہی ہے۔ ایسے میں ملک کو بچانے کی لڑائی عوام کے ساتھ سماجوادی (سوشلسٹ) ہی لڑکر جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ اچھے مصنف، بہترین مقرر، پارلیمنٹیرین تھے۔ وہ غریبوں اور کسانوں اور نوجوانوں میں ہردلعزیز تھے۔


22 Sep 2019, 7:10 PM

بیجاپور میں مخبری کے شبہ میں نابالغ کا قتل

بیجاپور: چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نکسلیوں نے انتہائی درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخبری کے شبہ میں ایک نابالغ طالب علم کوعوامی عدالت لگا کر قتل کردیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ دويانگ پٹیل نے آج اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قتل کی اطلاع ملی ہے اور پولس معاملے کی جانچ کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق باساگڑا تھانہ علاقہ کے تیماپور گاؤں سے نکسلی 16 ستمبر کو 10 ویں کلاس کے رمیش كنجام كو گاؤں سے اغوا کر لے گئے تھے۔ اسی دن شام کو گاؤں میں عوامی عدالت لگا کر گاؤں والوں کے سامنے ہی اسے پولس کا مخبر بتاتے ہوئے دھاردار ہتھیار سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد لاش گاؤں میں ہی پھینک دی گئی تھی۔ نکسلیوں کے خوف کی وجہ سے گاؤں والوں اور کنبے نے پولس میں شکایت درج نہیں کروائی تھی۔

22 Sep 2019, 6:10 PM

ماں نے جڑواں بچیوں کو تالاب میں پھینکا

مظفر نگر: اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے سکھوڑا علاقے میں اتوار کو ایک خاتون نے اپنی دو جڑواں بچیوں کو تالاب میں پھینک دیا جس سے ان کی موت ہوگئی۔ پولس ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ سکھیڑا علاقے میں بھکّی باشندہ وسیم کی بیوی ناظمہ کے بطن سے 20 دن قبل جڑواں بچیاں پیدا ہوئی تھیں۔ بچیوں کی پیدائش سے ناظمہ کافی دلبرداشتہ تھی۔ اتوار کی علی الصبح اس نے بچیوں کو گاؤں کے تالاب میں پھینک دیا اور گھر آکر ان کے لاپتہ ہونے کا شور مچانے لگی۔

انہوں نے بتایا کہ ناظمہ کے شور وغوغہ کو سن کر اہل خانہ اور مقامی افراد اکٹھا ہوگئے اور لاپتہ بچیوں کی تلاش شروع کر دی لیکن کافی دیر بعد بھی ان کا کچھ پتہ نہ لگنے پر اس کی اطلاع پولس کودی۔ پولس نے جب ناظمہ سے سختی کے ساتھ پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ جڑواں بچیوں کی وجہ سے وہ کافی پریشان تھی۔ آج صبح اندھیرے میں اس نے دونوں بچیوں کو تالاب میں پھینک دیا تھا۔ پولس نے ناظمہ کی نشاندہی پر دونوں بچیوں کی لاشیں تالاب سے برآمد کرکے اسے اپنی حراست میں لے لیا۔


22 Sep 2019, 5:10 PM

آرامکو کے پلانٹوں پر حملوں سے خطہ میں نئی کشیدگی کا خطرہ

ریاض: آرامکو کے پلانٹوں پر حملوں کے بعد خطہ میں نئی کشیدگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے سعودی عرب نے ایران کو تیل کی تنصیبات پر حملوں کا ذمے دار قرار دیا، سعودی وزیرمملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ پورا یقین ہے کہ حملہ یمن سے نہیں شمال کی جانب سے کیے گئے۔ حملوں میں عالمی توانائی کی سیکورٹی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے اتحادیوں سے آئندہ کے اقدام پر مشاورت کر رہا ہے، تحقیقات کے نتائج کے منتظر ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیاں امریکی ڈپریشن کی علامت ہے، ایک ہی ادارہ پر بار بار پابندیوں سے ظاہر ہے امریکی دباؤ کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔ ادھر پاسداران انقلاب نے متنبہ کیا ہے کہ جس ملک نے بھی ایران پر حملہ کیا تو اسے میدان جنگ بنا دیں گے۔

22 Sep 2019, 3:54 PM

معروف مسلم سیاست داں شیخ شمیم احمد کا انتقال

ممبئی: ممبئی کے بائیکلہ (چنچپوکلی) علا قے کے سابق ایم ایل اے شیخ شمیم احمد انتقال کر گئے۔ شیخ شمیم احمد 1980 میں چنچپوکلی (بائیکلہ) سے انڈین نیشنل کانگریس کے ٹکٹ پر ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے، وہ ایک طویل عرصے تک ممبئی کانگریس کمیٹی کے نائب صدر بھی رہے۔

شیخ شمیم احمد مہاراشٹر اسمبلی میں مسلم مسائل کو بے باکی سے اٹھانے کے لیے پہچانے جاتے تھے۔ اپنے سیاسی کیریئر میں انھوں نے بلا تفریق مذہب و ملت عوام کے لیے دن رات کام کیا۔ تیزی سے بدلتے سیاسی منظر نامے سے دل برداشتہ شیخ شمیم احمد نے عملی سیاست سے نوے کی دہائی میں کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ پسماندگان میں بیوہ کے ساتھ ساتھ دو بیٹے عبید اعظم اعظمی ( معروف شاعر) اور شیخ عبدالرحمٰن، دو بیٹیاں شیخ عذرا اور ڈاکٹرشیخ سلمیٰ ہیں۔


22 Sep 2019, 3:10 PM

پاکستان میں ہولناک بس حادثہ، 26 افراد ہلاک

اسلام آباد: پاکستان کے گلگت بلتستان میں ضلع دیامر کے علاقہ بابوسر پاس پر بس حادثے میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ کا کہنا تھا کہ مسافر بس حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دیامر پولس ترجمان محمد وکیل کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کی مسافر بس اسکردو سے راولپنڈی کی جانب جارہی تھی کہ اسے بابوسر پاس کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات چلنے والی بس صبح سویرے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پہاڑ سے ٹکراگئی تھی۔ دیامر کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے حکام راجہ اشفاق کا کہنا تھا کہ حادثہ میں میں زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق اسکردو بلتستان سے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 اور پولس کی ٹیم جائے حادثے پر پنچ چکی ہیں اور گلگت بلتستان کی حکومت سے لاشوں کو اسکردو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی درخواست کردی گئی ہے۔

22 Sep 2019, 1:10 PM

دہلی میں اکشر دھام مندر کے نزدیک پولس کی گاڑی پر فائرنگ

نئی دہلی: دہلی کے منڈاولی تھانہ علاقے میں واقع مشہور اکشردھام مندر احاطہ کے باہر اتوار کو نامعلوم بدمعاشوں نے پولس فورس کی گاڑی پر فائرنگ کرکے اسے نقصان پہنچایا ۔ اس واقعہ میں فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے اور اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے ۔ اس حملے میں ملوث حملہ آوروں کا اب تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


22 Sep 2019, 12:06 PM

کشمیری پنڈتوں نے کی مودی سے ملاقات

ہیوسٹن: امریکہ پہنچنے کے چند گھنٹوں کے اندر اندر وزیر اعظم نریندر مودی سے اتوار کو کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد نے ملاقات کر کے حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے متاثر جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے سے متعلق دفعہ 370 كا خاتمہ کرنے اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے اقدامات کی پرزور حمایت کی۔

وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کر کے کہا ’’ہیوسٹن میں کشمیری پنڈت برادری کے ایک وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بھارت کی ترقی اور ہر ہندوستانی کو بااختیار بنانے کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کی پرزور حمایت کی‘‘۔ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے سے متعلق دفعہ 370 کو ختم کرنے اور ریاست کو جموں و کشمیر اور لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے پانچ اگست کو کئے گئے فیصلے کے بعد مودی کایہ پہلا امریکہ دورہ ہے ۔

وزیر اعظم مودی کو امریکہ میں اپنے سات روزہ دورے کے پہلے دن یہاں داؤدي بوہرہ فرقہ اور سکھ قرقہ کے نمائندوں کی طرف سے اعزاز سے بھی نوازا ۔ وزیر اعظم نے داؤدي بوہرا فرقہ سے ملاقات کی اور گزشتہ سال بوہرہ فرقہ کی جانب سے اندور میں منعقد پروگرام میں حصہ لینے کو یاد کیا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔