حج 2026: ہندوستانی سفیر نے مکہ مکرمہ کا کیا دورہ، ہندوستانی عازمین حج کی سہولیات کا لیا جائزہ
حج کے لیے کئی سہولیات شروع کی گئی ہیں، جن میں ’حج سہولت ایپ‘ کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ اور ’حج سہولت اسمارٹ بینڈ‘ شامل ہے، جس سے عازمین حج کو تلاش کرنے اور ان کی مدد کرنے میں آسانی ہوگی۔

سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر سہیل خان نے 26 اپریل کو مکہ مکرمہ کا دورہ کیا اور ہندوستانی حجاج کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مدینہ سے ٹرین کے ذریعہ مکہ پہنچنے والے ہندوستانی عازمین حج کے پہلے قافلے کا بھی استقبال کیا۔ اس موقع پر جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری اور قونصل حج صدف چودھری بھی موجود تھے۔ یہ معلومات سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی۔
سفارت خانہ نے بتایا کہ رواں سال بڑی تعداد میں ہندوستانی زائرین مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کے لیے حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے کا استعمال کریں گے۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال جدہ اور مکہ کے درمیان سفر کے لیے بھی کیا جائے گا۔ اس سے عازمین حج کا سفر کافی تیز، محفوظ اور آرام دہ ہو جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 18 اپریل کو حج 2026 کے پہلے قافلے کے عازمین حج دہلی ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے مکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس وقت دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں بھی ایئرپورٹ پر موجود تھیں۔ حج کے لیے کئی سہولیات شروع کی گئی ہیں، جن میں ’حج سہولت ایپ‘ کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ اور ’حج سہولت اسمارٹ بینڈ‘ شامل ہے، جس سے عازمین حج کو تلاش کرنے اور ان کی مدد کرنے میں آسانی ہوگی۔
اس بار تقریباً 20 دن کا مختصر حج متبادل بھی شروع کیا گیا ہے، تاکہ لوگوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ حکومت نے ہر عازمین حج کے لیے بیمہ کوریج بھی بڑھا کر تقریباً 6.25 لاکھ روپے کر دیا ہے، جس سے سفر کے دوران مالی اور صحت کی حفاظت مضبوط ہوگی۔ تقریباً 60,000 عازمین حج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت ملے گی، جس سے ان کا سفر تیز اور آرام دہ ہوگا۔ علاوہ ازیں زائرین کی حقیقی وقت میں نگرانی، شکایت ازالہ نظام، بہتر طبی جانچ و صحت کی سہولیات اور سعودی عرب میں قیام و نقل و حمل کے بہتر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ مکہ میں ہوٹل جیسی رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔