گجرات کا جہاز ’حاجی علی‘ آبنائے ہرمز میں غرق، ڈرون یا میزائل حملہ کا اندیشہ، وزارت خارجہ نے جاری کیا بیان

ہندوستانی وزارت خارجہ نے عمان میں ساحل کے قریب ہندوستانی پرچم والے جہاز پر حملہ کو ناقابل قبول ٹھہرایا ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ جہاز میں موجود عملہ کے اہلکاروں کو بچانے کے لیے عمان حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>حاجی علی جہاز، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان کسی بھی ملک کے لیے اپنے جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزارنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آبنائے ہرمز میں گجرات کا ایک مال بردار جہاز غرق ہو گیا ہے۔ اس جہاز کا نام ’حاجی علی‘ تھا، جو کہ 13 مئی کی صبح عمان کے سمندری علاقہ سے گزر رہا تھا۔ اچانک کوئی ڈرون یا میزائل جیسا ہتھیار اس سے ٹکرایا اور دھماکہ کے ساتھ جہاز میں آگ لگ گئی۔ اچھی بات یہ رہی کہ عمان کے ساحلی محافظوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حاجی علی جہاز پر موجود عملہ کے سبھی 14 اہلکاروں کو بہ حفاظت باہر نکال لیا۔

گجرات کے دوارکا باشندہ اور جہاز کے مالک سلطان احمد انصار نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ ’ایم ایس وی حاجی علی‘ جہاز بیربیرا بندرگاہ سے شارجہ جا رہا تھا۔ صبح تقریباً 3.30 بجے عمان کے سمندری ساحل کے قریب جہاز حادثہ کا شکار ہو گیا۔ عملہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جہاز سے کسی دھماکہ خیز شئے کے ٹکرانے کی آواز سنائی دی تھی۔ اس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔ حالات بگڑنے پر عملہ کے سبھی 14 اہلکاروں نے لائف بوٹ کی مدد سے جہاز کو چھوڑا۔ اس کے بعد عمان کے ساحلی محافظوں نے اپنا کام کیا اور انھیں محفوظ جگہ پر لایا۔


اس حادثہ کے بعد ہندوستان کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے عمان ساحل کے قریب ایک ہندوستانی پرچم والے جہاز پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جاری بیان میں وزارت نے کہا کہ جہازوں پر حملے منظور نہیں ہیں۔ ساتھ ہی وزارت نے عملہ کے اہلکاروں کو بچانے کے لیے عمان حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق جہاز پر موجود سبھی ہندوستانی اشخاص محفوظ ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا، عملہ کے عام اہلکاروں کی جان خطرے میں ڈالنا اور سمندری تجارت یا آمد و رفت میں رخنہ ڈالنا قطعی منظور نہیں ہے۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔