ایران کے قریب پہنچتے ہی پُراسرار طریقے سے بند ہو رہا جہازوں کا جی پی ایس سگنل، الرٹ جاری

ڈی جی سی اے نے ہندوستانی ایئرلائنس کے لیے ایڈوائزری جاری کیا ہے اور بتایا ہے کہ جہازوں میں جی پی ایس سگنل کا بند ہونا بڑا خطرہ ہے، ساتھ ہی ایسے حالات میں کیا کرنا چاہیے یہ بھی بتایا ہے۔

ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
ڈی جی سی اے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مشرق وسطیٰ کے آسمان میں پُراسرار طریقے سے مسافر طیاروں کا جی پی ایس سگنل بند ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس تعلق سے شہری ہوابازی ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے ہندوستانی ایئرلائنس کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں جی پی ایس سگنل بند ہونے کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایسی حالت میں ہندوستانی ایئرلائنس کے طیاروں کو کیا کرنا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ حال کے وقت میں ایسی کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں مشرق وسطیٰ کے آسمان میں، خصوصاً ایران کی سرحد کے قریب مسافر طیاروں کا جی پی ایس سگنل خراب ہو جاتا ہے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈی جی سی اے نے ایڈوائزری جاری کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی سی اے کے سرکل میں بتایا گیا ہے کہ ہوابازی صنعت کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس میں گلوبل نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹم جام ہو رہا ہے، یا پھر فرضی سگنل دکھا رہا ہے۔ ڈی جی سی اے نے اس چیلنج کو دیکھتے ہوئے خطرے کی مانیٹرنگ اور تجزیہ کرنے والا نیٹورک بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔


واضح رہے کہ ستمبر ماہ سے کئی کمرشیل فلائٹس میں یہ مسئلہ پیش آیا ہے جس میں ایران کے قریب طیاروں کا نیویگیشن سسٹم کام کرنا بند کر دیتا ہے اور اس میں گڑبڑی آ جاتی ہے۔ گزشتہ دنوں ایک طیارہ جی پی ایس سگنل میں گڑبڑی کے سبب بغیر اجازت ایران کے فضائی حدود میں ہی داخل ہو جاتا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کئی پائلٹس، کنٹرولرس اور دیگر افسران نے بھی اس معاملے میں فکر مندی کا اظہار کیا ہے۔

سامنے آ رہی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مشرقی وسطیٰ کے آسمان میں پرواز بھرتے وقت طیاروں کو ایک فرضی جی پی ایس سگنل ملتا ہے۔ یہ سگنل طیاروں کے سسٹم کو دکھاتا ہے کہ طیارہ اپنے فضائی راستہ سے الگ پرواز بھر رہا ہے۔ کئی بار یہ سگنل اتنے مضبوط ہوتے ہیں کہ ان سے طیارہ کے پورے سسٹم کی انٹگریٹی متاثر ہوتی ہے۔ اس کی وہج سے کچھ ہی منٹ میں طیارہ کا داخلی ریفرنس سسٹم غیر منظم ہو جاتا ہے اور طیارہ کی نیویگیشن کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ شمالی عراق اور آذربائیجان کے مصروف راستے پر ایربل کے قریب یہ مسئلہ پیش آیا ہے۔ ابھی تک اس گڑبڑی کی وجہ پتہ نہیں چل پائی ہے، لیکن مانا جا رہا ہے کہ طیاروں کے سگنل میں گڑبڑی کی وجہ مشرق سطیٰ میں تعینات ملٹری الیکٹرانک جنگی سسٹم ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔