’فرانس آپ سے محبت کرتا ہے‘، فرانسیسی صدر میکروں نے پی ایم مودی کے لیے ہندی میں جاری کیا ویڈیو پیغام

ویڈیو میں میکرون نے ہندی زبان میں کہا کہ ’’پیارے دوست نریندر، مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے آپ کا نیس، ایویون اور پیرس کے دورے کے لیے استقبال کیا، فرانس-ہندوستان دوستی زندہ و جاوید رہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی جی-7 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے فرانس کے دورے پر گئے تھے، جہاں فرانسیسی صدر امینوئل میکرون نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پھر جب وزیر اعظم مودی اپنا غیر ملکی دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹ رہے تھے تو میکرون نے ایک بار پھر منفرد انداز میں انہیں رخصت کیا۔ صدر نے پی ایم مودی کے لیے ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے ہندی میں وزیر اعظم کو اپنا عزیز دوست بتایا اور کہا کہ ’’فرانس آپ سے محبت کرتا ہے۔‘‘

صدر میکرون نے 18 جون کو ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ہندی میں الوداعی ویڈیو پوسٹ کی۔ ویڈیو میں میکرون نے کہا ’’پیارے دوست نریندر، مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے آپ کا نیس، ایویون اور پیرس کے دورے کے لیے استقبال کیا، فرانس-ہندوستان دوستی زندہ و جاوید رہے۔‘‘ ہندی میں یہ جملے بولنے کے بعد میکرون نے یہ بھی کہا، ’’مجھے امید ہے کہ یہ درست تھا۔‘‘


اپنی ویڈیو میں صدر میکرون نے پی ایم مودی کے فرانس دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس سفر کو ’بہت بامعنی‘ قرار دیا۔ انہوں نے اگلے سال فروری میں دوبارہ ملاقات کی امید بھی ظاہر کی۔ میکرون نے کہا کہ ’’آپ کے دورے کے لیے بہت شکریہ۔ ہماری دوستی کے لیے شکریہ۔ یہ ایک نہایت بامعنی سفر رہا۔ فرانس آپ سے محبت کرتا ہے۔ ہم فروری میں جلد ہی آپ سے دوبارہ ملاقات کے منتظر ہیں۔ جے ہند۔‘‘

اس سے قبل پی ایم مودی 2 ممالک کے یورپی دورے کے پہلے مرحلے میں 13 جون کو بحیرۂ روم کے ساحلی شہر نیس پہنچے تھے، جہاں انہوں نے صدر میکرون کے ساتھ ’بھارت اِنوویٹس‘ پروگرام کا افتتاح کیا اور دوطرفہ ملاقات بھی کی۔ اس کے بعد پی ایم مودی نے سلوواکیہ کا ’تاریخی‘ دورہ مکمل کیا۔ وہ سلوواکیہ کا دورہ کرنے والے ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں۔ سلوواکیہ سے واپس آنے کے بعد وہ منگل اور بدھ کو فرانس کے شہر ایویون میں منعقدہ جی-7 سربراہ کانفرنس میں شریک ہوئے، جہاں ہندوستان کو مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔


وزیر اعظم مودی فرانس اور سلوواکیہ کے اپنے 2 ملکی دورے مکمل کرنے کے بعد گزشتہ جمعرات کو نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ انھوں نے اس دورے کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’فرانس کا یہ دورہ بات چیت اور نتائج، دونوں اعتبار سے نہایت شاندار رہا۔ اس کی شروعات نیس میں ’بھارت اِنوویٹس‘ پروگرام سے ہوئی، اس کے بعد جی-7 کے لیے ایویون اور پھر پیرس میں پروگرام منعقد ہوئے، جہاں میں نے ’ویوا ٹیک 2026‘ اور ایک کمیونٹی پروگرام سے خطاب کیا، نیز کئی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کی۔‘‘ صدر میکرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’میں اپنے دوست صدر میکرون، فرانس کی حکومت اور وہاں کی عوام کا پرتپاک استقبال کرنے پر خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔ آنے والے وقت میں ہندوستان-فرانس دوستی مزید مضبوط ہوگی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔