کشمیر میں تباہ کن سیلاب، ’میری تو پوری دنیا ہی لُٹ گئی‘

چند روز پہلے تک پاکستان کےقبضہ والے کشمیر کے اس خوبصورت دریائی نالے کے ارد گرد کئی چھوٹے چھوٹے گھر ایستادہ تھے لیکن اب وادی لیسوا کے اس دیہات میں بڑے بڑے پتھر اور تباہ شدہ گھروں کی باقیات ہی بچی ہیں۔

کشمیر میں تباہ کن سیلاب، ’میری تو پوری دنیا ہی لُٹ گئی‘
کشمیر میں تباہ کن سیلاب، ’میری تو پوری دنیا ہی لُٹ گئی‘
user

ڈی. ڈبلیو

جنوبی ایشیا میں آنے والی مون سون کی بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے اب تک 270 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس خطے میں سیلابی ریلے غیر متوقع طور پر اتنے شدید ہیں کہ دریائی نالوں کے اردگرد آباد پورے کے پورے دیہات تباہ ہو رہے ہیں۔

گزشتہ اتوار کی شام کشمیر کے اس دریائی نالے میں یک لخت طغیانی پیدا ہوئی اور بپھرا ہوا پانی ہر اس چیز کو اپنے ساتھ بہا .لے گیا، جو اس کے راستے میں آئی۔ 23 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں اور حکام کے مطابق ان کے زندہ بچ جانے کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔


وادی لیسوا میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 150 گھر اور دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں اور 50 عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس وادی کے امین بٹ کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''میں نے اپنی والدہ کا ہاتھ تھام رکھا تھا تاکہ اسے بچایا جا سکے لیکن ان کا ہاتھ چھوٹ گیا اور وہ تیز پانی کے ساتھ ہی بہہ گئیں۔‘‘

امین کا اپنی آنکھوں سے آنسو صاف کرتے ہوئے کہنا تھا، ''چند منٹوں میں ہی میری ساری کی ساری دنیا اُجڑ چکی تھی۔ میری ماں بھی جا چکی تھی اور میرا گھر بھی۔‘‘ امین کے مطابق اب وہاں صرف پتھر ہی باقی بچے ہیں۔


اسی گاؤں کے شاہنواز بٹ کی اہلیہ اور چھ میں سے تین بچے بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ غمزدہ شاہنواز کا کہنا تھا، ''میں تو ان کے چہرے بھی نہیں دیکھ سکا، ابھی تک ان کی لاشیں تک نہیں ملیں۔‘‘

چند روز پہلے تک جہاں گھر ایستادہ تھے، وہاں اب سفید رنگ کے خیمے لگے ہیں۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں مون سون کی بارشیں فصلوں اور پانی کی قلت پوری کرنے کے لیے ضروری ہیں لیکن حالیہ چند برسوں سے یہ تباہی کا سبب بن رہی ہیں۔ سیلابوں سے گاؤں کے گاؤں اور فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */