آہ: معروف صحافی کلدیپ نیر نہیں رہے

آزاد ہندوستان کے اہم ستون صحافی، سماجی کارکن اور سیاست داں کلدیپ نیر کا آج انتقال ہو گیا، ان کے انتقال کے ساتھ ایک اہم باب کا اختتام ہوا۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کلدیپ نیر صرف ایک عظیم صحافی ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک عظیم انسان بھی تھے، ان کے انتقال کے ساتھ ملک نے ایک عظیم شخص کھو دیا ہے۔ غیر منقسم ہندوستان کے سیالکوٹ میں پیدا ہوئے کلدیپ نیر کی عمر 94 سال تھی اور وہ ایک عرصہ سے علیل چل رہے تھے۔ ان کی پیدائش 14 ۱گست 1924 کو ہوئی۔ انہوں نےلاہور سے قانون کی پڑھائی کی تھی اور امریکہ سے صحافت کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ برطانیہ میں ہندستان کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں اور انہیں 1997 میں راجیہ سبھا کا ممبر بھی بنایا گیا۔

انہوں نے ہمیشہ حق کی آواز بلند کی اور حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی۔ انہوں نے ایمان دار صحافت کے معیار کو بلند رکھا اور کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

متعدد کتابوں کے مصنف رہ چکے نیر برسوں تک مرکزی حکومت میں پریس انفارمیشن افسر بھی رہے۔ وہ خبر رساں ایجنسی یونائیٹیڈ نیوزآف انڈیا، انگریز ی اخبار ڈان ایکسپریس اور اسٹیٹس مین سے بھی منسلک رہے۔ انہوں نے لندن ٹائمز میں بھی بطور صحافی خدمات انجام دیں۔

صحافت کے شعبہ میں قابل قدر خدمات انجام دینے والوں کو نیر کے نام سے ’کلدیپ نیر صحافت کا ایوارڈ‘ بھی دیا جاتا ہے۔ صحافتی دنیا میں ان کی بہترین خدمات کے لئے 2015 میں انہیں رام ناتھ گوئنکا سمرتی ایوارڈسے بھی سرفراز کیا گیا۔

نیر گزشتہ کئی روز سے علیل تھے اور اسپتال میں داخل تھے۔ ان کا کل تقریباً ساڑھے بارہ بجے انتقال ہوگیا۔

دوپہر ایک بجے لودھی گارڈن واقع شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Aug 2018, 9:20 AM