صبح سویرے کئی مقامات پر زلزلے سے دہشت، پہلے ہندوستان کی 2 ریاستوں میں آیا زلزلہ، پھر افغانستان میں ڈولی زمین

نیشنل سنٹر فار سسمولوجی کے مطابق آسام میں زلزلہ صبح تقریباً 4.23 بجے آیا۔ اس کا مرکز ناگاؤں میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 33 کلومیٹر تھی۔ اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 ریکارڈ کی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

6 اکتوبر کی علی الصبح ہندوستان کی 2 ریاستوں میں زلزلہ نے لوگوں میں دہشت پیدا کر دی۔ ملک کے شمال مشرقی حصہ میں منگل کی صبح زلزلہ کا پہلا جھٹکا آسام میں جبکہ دوسرا جھٹکا منی پور میں محسوس کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے تیز جھٹکا آسام کے ناگاؤں میں محسوس کیا گیا، جہاں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 درج کی گئی۔ اس کے چند ہی منٹ بعد منی پور کے تمینگ لونگ میں بھی زلزلہ آیا۔ یہاں اس کی شدت 2.9 رہی۔ منی پور میں زلزلہ کی شدت زیادہ نہیں تھی، لیکن لوگوں نے اسے صاف طور پر محسوس کیا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ ابھی تک دونوں ریاستوں میں سے کسی کی بھی جگہ جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔

نیشنل سنٹر فار سسمولوجی یعنی قومی مرکز برائے ارضیاتی زلزلہ سائنس کے مطابق آسام میں زلزلہ صبح تقریباً 4.23 بجے آیا۔ اس کا مرکز ناگاؤں میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 33 کلومیٹر تھی۔ اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے نے لوگوں کی نیند اڑا دی۔ گہری نیند میں سوئے لوگ زلزلہ محسوس ہوتے ہی گھروں سے نکل کر باہر بھاگنے لگے۔ خوف کا عالم یہ تھا کہ لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ تاہم بعد میں زمین کی لرزش رکنے کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔


آسام میں زلزلہ کے تقریباً 4 منٹ بعد منی پور میں زمین ہلنے کی خبر سامنے آئی۔ یہاں زلزلہ صبح تقریباً 4.27 بجے آیا۔ اس کا مرکز تمینگ لونگ میں ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کی شدت 2.9 تھی۔ اس کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 12 کلومیٹر تھی۔ یہاں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے لوگوں کی نیند کھل گئی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر کی طرف بھاگتے دکھائی دیے۔

ہندوستان میں آئے ان 2 جھٹکوں کے کچھ دیر بعد افغانستان میں بھی زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ افغانستان میں زلزلہ صبح تقریباً 5.25 بجے آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.0 ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان میں آنے والے زلزلہ کی زیر زمین گہرائی کافی زیادہ تھی۔ اس کا مرکز زمین کے اندر تقریباً 103 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کی وجہ سے افغانستان میں بھی خوف کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ افغانستان میں کچھ دنوں پہلے بھی زلزلہ آیا تھا، جس کی وجہ سے لوگوں میں دہشت زیادہ دیکھنے کو مل رہی ہے۔