2024 میں 124 صحافی قتل، 75 فیصد اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے: سی پی جے

سی پی جے کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں کم از کم 124 صحافی مارے گئے، جن میں سے 75 فیصد اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوئے۔ صحافیوں کے لیے یہ سال خونی ثابت ہوا

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

user

قومی آواز بیورو

صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی عالمی تنظیم ’کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘ (سی پی جے) کے مطابق سال 2024 صحافیوں کے لیے سب سے خونی سال رہا ہے۔ سی پی جی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال تنازعات میں کم از کم 124 صحافیوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں، جن میں سے 75 فیصد صرف اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سی پی جی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2023 کے مقابلے میں 2024 میں صحافیوں کی موت میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ واضح ہو کہ صحافیوں کی ہلاکت سے متعلق مذکورہ اعداد و شمار، پوری دنیا میں بین الاقوامی تنازعات، سیاسی بدامنی اور جرائم کی بڑھتی ہوئی سطح کی عکاسی کرتا ہے۔

سی پی جے گزشتہ 30 سالوں سے صحافیوں کے خلاف ہو رہے حادثات کا ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے، جس میں 2024 سب سے مہلک رہا۔ سی پی جے کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 18 ممالک میں صحافیوں اور میڈیا اہلکاروں کو قتل کیا گیا ہے۔ سی پی جے کے مطابق غزہ جنگ میں کل 85 صحافی مارے گئے اور سب سے کے سب اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی گولی بار کے شکار ہوئے۔ علاوہ ازیں رپورٹ میں اس بات کی بھی جانکاری دی گئی ہے کہ ہلاک ہونے والے 85 صحافیوں میں سے 82 کا تعلق فلسطین سے تھا۔


اسرائیل-غزہ جنگ کے علاوہ کی بات کی جائے تو سوڈان اور پاکستان صحافیوں اور میڈیا اہلکاروں کے قتل میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں 6-6 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد میکسیکو میں 5 صحافیوں کو قتل کیا گیا ہے، جسے صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک ممالک میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ وہیں تشدد سے متاثرہ ملک ہیٹی میں بھی 2 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ علاوہ ازیں رپورٹ میں دیگر موتیں میانمار، موزمبیق، ہندوستان اور عراق میں بتائی گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ سی پی جے 1992 سے صحافیوں کی اموات کے حوالے سے ڈیٹا اکٹھا کر کے رپورٹ تیار کر رہی ہے۔ 2024 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 صحافیوں کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وسائل کی قلت کی وجہ سے فری لانسرز سب سے کمزور ہیں، جن کی 2024 میں 43 اموات ہوئیں۔ سی پی جے کے مطابق نیا سال 2025 بھی صحافیوں کے لیے زیادہ اچھا نظر نہیں آ رہا ہے، کیونکہ گزشتہ ہفتہ میں ہی 6 صحافیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔