کورونا وائرس Updates : مکہ معظمہ سے واپس آئی کورونا متاثرہ خاتون کی موت

کورونا پازیٹیو خاتون ذیابیطس اور امراض قلب کی بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ ان کے کولہے میں بھی فریکچر تھا، جس کا علاج چل رہا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Mar 2020, 8:05 PM

مکہ سے واپس آئی کورونا متاثرہ خاتون کی موت

کرناٹک میں چکہ بلّاپور ضلع کی غوری بندنور کی ایک خاتون کی یہاں اسپتال میں موت ہوگئی۔ 75 سالہ یہ خاتون حال ہی میں مکہ سے واپس آئی تھیں اور کورونا وائرس کی جانچ میں ان کی رپورٹ پازیٹیو آئی تھی۔ ریاست کےصحت اور کنبہ بہبود کے وزیر بی شری رامولو نے اپنے ٹوئٹ میں اس کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ’’کورونا پازیٹیو خاتون ذیابیطس اور امراض قلب کی بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ ان کے کولہے میں بھی فریکچر تھا، جس کا علاج چل رہا تھا۔ لیب سے سبھی رپورٹیں ملنے کے بعد ان کی موت کے اصل اسباب کا پتہ چل سکے گا۔

ملک میں کورونا کے انفیکشن کا پہلا معاملہ کرناٹک میں ہی سامنے آیا تھا۔ گزشتہ 12 مارچ کو کلبرگی میں ایک 76 سالہ شخص کی موت ہوگئی تھی۔ یہ شخص مکہ سے واپس آیا تھا۔

25 Mar 2020, 6:52 PM

لاک ڈاؤن کے دروان سخت ورزش کریں: عمر عبداللہ کا لوگوں کو مشورہ

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نظر بندی کے دوران ہوئے تجربے کے پیش نظر لوگوں کو لاک ڈاؤن کے دوران ورزش کرنے کی تاکید کی ہے۔ بتادیں کہ عمر عبداللہ نے اپنی رہائی کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں رہنے والوں کو مشورے دینے کے لئے میرے پاس کئی ماہ کا تجربہ ہے۔

انہوں نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'ورزش، ورزش، ورزش اس پر میں زیادہ زور نہیں دے سکتا، میں خوش قسمت تھا کہ مجھے ورزش کرنے کے لئے ہری نواس سب جیل میں صحن تک رسائی بھی تھی اور جگہ بھی کشادہ تھی بلکہ خراب موسمی حالات میں بھی میں نے اندر ہی رہ کر ورزش کی، میں کوریڈور میں چہل قدمی کرکے اور سیڑھی کے زینوں پر چل کے ورزش کرتا تھا'۔

عمر عبداللہ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: 'ایک ٹویٹ پر آئے ریساپنس نے مجھے اپنے تھوڑے بہت تجربے کو شیئر کرنے کا حوصلہ دیا، اس (ورزش) سے مجھے دوران نظر بندی بہت ہی مدد ملی، میں اس سلسلے میں ٹویٹ کرتا رہوں گا لہٰذا آپ چیک کرتے رہیں'۔

بتادیں کہ حکومت جموں وکشمیر نے عمر عبداللہ کو منگل کے روز آٹھ ماہ کی نظر بندی کے بعد رہا کردیا۔ وہ ہری نواس سب جیل میں نظربندی کے ایام کاٹ رہے تھے۔

25 Mar 2020, 6:48 PM

شاملی: 5 افراد کو قرنطینہ کی ہدایت

اترپردیش کے ضلع شاملی کے کیرانہ قصبے میں سعودی عرب سے واپس وطن آئے شخص کے اندر کورونا کی تصدیق کے بعد اس کے پانچ اہل خانہ کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سہارنپور کے کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ پورا سہارنپور ڈویژن کورونا وائرس کے حملے سے پوری طرح سے قابو میں ہے۔ سہارنپور ضلع میں ابھی تک کوئی بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں آیا ہے۔ یہاں ضلع اسپتال میں باہر سے آئے دو لوگوں کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ حالانکہ ان کی جانچ روپورٹ منفی پائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاملی کے کیرانہ میں کورنا وائرس سے متآثر شاہنواز انصاری (33) کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ شاہنواز 24مارچ کو سعودی سے واپس آیا تھا۔ اس کی بیوی اور تین بچوں اور اس کے رشتہ دار کو شاملی میں سی ایچ سی میں قرنطینہ (الگ تھلگ رکھنے کا عمل) میں رکھا گیا ہے۔ ان کے خون کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جس کی رپورٹ ابھی آنی باقی ہے۔

25 Mar 2020, 6:32 PM

انڈونیشیا میں اموات کی تعداد 58 ہوئی

جکارتہ: انڈونیشیا میں کورونا وائرس (کووِڈ-19) کی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بدھ کی دوپہر تک بڑھ کر 58 ہو گئی۔ کورونا وائرس سے متعلق امور کے لیے حکومت کے ترجمان اچمد یوریانتوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں 790 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 31 افراد کا علاج ہو گیا ہے۔

انڈونیشیا دنیا کا چوتھا سب سے بڑا آبادی والا ملک ہے جس کے دار الحکومت جکارتہ میں تقریباً ایک کروڑ افراد رہتے ہیں۔ ملک میں سب سے زیادہ 31 اموات جکارتہ میں ہوئی ہیں اور ویسٹ جاوا صوبہ 10 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ حکام نے وبا سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کی پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن جن علاقوں میں کیسز پائے جا رہے ہیں، وہاں تیزی سے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

25 Mar 2020, 5:07 PM

ہندوستان میں کورونا کے 600 معاملوں کی تصدیق

ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن کے 600 معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے 10 مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔ ’کووڈ-19ج انڈیا ڈاٹ او آر جی‘ کے ڈیش بورڈ پر دستیاب معلومات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 600 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 550 معاملوں میں مریضوں کا علاج چل رہا ہے جبکہ 40 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

25 Mar 2020, 4:48 PM

اسپین میں اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ

کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے معاملہ میں یورپی ملک اسپین نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ محض اٹلی سے ہی پیچھے رہ گیا ہے۔ اسپین 443 تازہ اموات درج کی گئی ہیں اور کل تعداد 3434 ہو گئی ہے۔ جبکہ چین میں یہ اعداد 3281 ہی ہے۔

ادھر اٹلی میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 6820 افراد لقمہ اجل ہو چکے ہیں۔ اموات کے فہرست میں چین کے بعد ایران (2077) اور فرانس (1100) بالترتیب چوتھے اور پانچویں مقام پر موجود ہیں۔

25 Mar 2020, 4:53 PM

ہندوستان بھر میں کورونا وائرس کے 562 کیس

ملک میں کورونا وائرس-کووڈ -19 سے اب تک 10 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 562 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کی بدھ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 25 ریاستوں مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور اس کے 562 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔کورونا وائرس متاثرین میں 519 ہندوستانی ہیں جبکہ 43 غیر ملکی شہری ہیں۔کورونا وائرس کے انفیکشن سے ملک بھر میں اب تک 10 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 41 افراد صحت مند ہو ئے ہیں۔

25 Mar 2020, 4:01 PM

پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 1000 ہوئی

پاکستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 1000 ہو چکی ہے۔ پاکستان کے جیو ٹیلی ویژن نے بتایا کہ نئے معاملے بلوچستان، سندھ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان صوبوں میں سامنے آئے ہیں۔ سندھ صدبے میں سب سے زیادہ 413 لوگ س سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ راجدھانی میں صرف 16 معاملے سامنے آئے ہیں۔

ٹی وی کے مطابق کورونا وبا کے سبب پاکستان میں اب تک سات اموات ہوچکی ہیں۔ جانس ہاپکنس یونیورسٹی کے ذریعہ اکھٹا کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کے 423000 سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں اور تقریباً 19000 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔

25 Mar 2020, 3:46 PM

اموات کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز، متاثرین کی تعداد 4.25 لاکھ سے زیادہ

چین سے پھیلنے والے مہلک وائرس کووڈ ۔19 کا اثر دنیا کے 197 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس کی وجہ سے اب تک 19 ہزار سے زیادہ مریض فوت ہو چکے ہیں۔

’ورڈو میٹر‘ نامی ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس سے بدھ کو سہ پہر تک 428193 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں 19100 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 9 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے۔

بالخصوص یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے۔ یہاں اب تک 6820 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 69176 افراد وائرس سے متاثر ہیں، امریکہ میں 60 نئے واقعات رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 54941 ہو گئی اور 784 افراد ہلاک ہوئے۔

اسپین میں بھی گزشتہ دنوں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا اور مرنے والوں کی تعداد 2991 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3281 ہے، ایران میں وائرس سے 2077، فرانس میں 1100، برطانیہ میں 422، نیدرلینڈز میں 276، جرمنی میں 171، بیلجیئم میں 122، جنوبی کوریا میں 126، انڈونیشیا میں 58، برازیل میں 46، ترکی میں 44، جاپان میں 43، ہندوستان میں 11، سعودی عرب میں اور افغانستان میں ایک ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے۔