حج 2020 کے کامیاب و پرامن انعقاد کے لیے سعودی حکام قابل مبارکباد: ہندوستانی سفیر

ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید کا کہنا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اگرچہ حج 2020 میں عازمین حج کی تعداد محدود تھی، تاہم اس محدود تعداد کے ساتھ بھی حج کے انتظامات کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ریاض: سعودی عرب میں متعین ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے حج 2020 کے کامیابی اور مکمل امن و امان اور سلامتی کے ساتھ انعقاد پر مسرت اور طمانیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حج 2020 کا انعقاد و اہتمام حکومت سعودی عرب کے لئے ایک بڑا چیلنج تھا۔ وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، پرنس محمد بن سلمان، وزیر داخلی سلامتی امور پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز، گورنر مکہ خالد الفیصل اور وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بن طاہر بنتن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ حاجیوں کے تحفظ کے لئے سعودی حکام نے غیر معمولی اقدامات اور انتظامات کئے تھے۔ عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اگرچہ کہ حج 2020 میں عازمین حجاج کی تعداد محدود تھی، تاہم اس محدود تعداد کے ساتھ بھی حج کے انتظامات کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔ ہر سال دنیا بھر سے2ملین سے عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب آتے ہیں۔ تاہم کووڈ19 وباء کی وجہ سے دنیا بھر میں 15 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے پیش نظر حاجیوں کی تعداد حکومت سعودی عرب نے کم کرتے ہوئے حج 2020 کو مثالی بنادیا۔


ڈاکٹر اوصاف نے یہ بھی کہا کہ گذشتہ سال 2لاکھ ہندوستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ پرنس محمد بن سلمان کے فراخ دلانہ فیصلہ کی بدولت ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں 30 ہزار کا اضافہ کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید جنہوں نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں مہینوں سے پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کی وَندے بھارت مشن کے تحت سینکڑوں ہندوستانیوں کو وطن واپسی کے لئے کامیاب اقدامات کئے ہیں۔ اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ بچھڑے ہوئے خاندان متحد ہونے لگے ہیں جس کی انہیں بے حد خوشی ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن کے علاوہ ہندوستان میں موجود اپنے ہم وطنوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ وہ اس عالمی وباء سے مقابلہ کے لئے احتیاطی اقدامات کرے اور کسی قسم کی لاپرواہی نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Aug 2020, 9:58 PM