بی جے پی راج میں سی بی آئی بن گئی ہے ’بی بی آئی‘: تیجسوی

تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ جو لوگ بی جے پی کی تنقید کرتے ہیں وہ جانچ ایجنسیوں کے نشانے پر آجاتے ہیں۔ یہاں تک کہ میرے والد لالو پرساد یادو کو بھی نہیں بخشا گیا کیونکہ وہ آر ایس ایس نظریات کے خلاف ہیں۔

تصویر قومی آواز/ پرمود پشکرنا
تصویر قومی آواز/ پرمود پشکرنا
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے اپوزیشن لیڈران کے ٹھکانوں پر مسلسل کی جارہی چھاپے ماری کو سیاسی اغراض پر مبنی بتایا اورکہاکہ بی جے پی حکومت میں مرکزی جانچ بیورو یعنی سی بی آئی نے بی بی آئی کی شکل اختیار کر لی ہے اور بی بی آئی کا مطلب بی جے پی بیورو آف انوسٹی گیشن ہے۔

تیجسوی یادو نے اس بارے میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے ذریعہ بی جے پی کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ”جو کوئی بھی بی جے پی سے ہاتھ ملاتا ہے وہ کلین چٹ حاصل کرلیتا ہے اور راجہ ہریش چندر بن جاتاہے۔ جو لوگ ان کی تنقید کرتے ہیں وہ جانچ ایجنسیوں کے نشانے پر آجاتے ہیں۔ یہاں تک کہ میرے والد لالو پرساد یادو کو بھی نہیں بخشا گیا، کیونکہ وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے ناقد رہے ہیں۔“

واضح رہے کہ ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے قد آور لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا کی روہتک واقع رہائش گاہ پر سی بی آئی نے آج چھاپے مارے ہیں ۔ اس چھاپہ ماری کو بھوپیندر سنگھ ہڈا نے سیاست سے متاثر قرار دیا ہے اور کانگریس لیڈر آنند شرما نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے اس عمل کو سی بی آئی کا غلط استعمال قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح کے عمل سے سی بی آئی کی شبیہ خراب ہو رہی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔