اہم خبریں: فیس میں اضافہ کے خلاف پھر سڑک پر اترے جے این یو طلبا، ڈی یو طلبا نے بھی دیا ساتھ

فیس میں اضافہ کے خلاف پھر سڑک پر اترے جے این یو طلبا، ڈی یو طلبا نے بھی دیا ساتھ
فیس میں اضافہ کے خلاف پھر سڑک پر اترے جے این یو طلبا، ڈی یو طلبا نے بھی دیا ساتھ
user

قومی آوازبیورو

21 Nov 2019, 5:11 PM

فیس میں اضافہ کے خلاف پھر سڑک پر اترے جے این یو طلبا، ڈی یو طلبا نے بھی دیا ساتھ

ہاسٹل فیس اضافہ کو لے کر جوہار لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ہنگامہ ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔ جے این یو طلبا کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ اس مظاہرہ کو اب دہلی یونیورسٹی کے طلبا یونین کی بھی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ آج جمعرات کو جے این یو اور ڈی یو کے طلبا یونین نے مل کر مارچ نکالا۔

21 Nov 2019, 4:07 PM

جو شیوسینا ایم ایل اے کو توڑنے کی کوشش کرے گا اس کا سر پھوڑ دیں گے: عبدالستار

ایک طرف شیوسینا-کانگریس-این سی پی مل کر حکومت سازی کی کوششیں کر رہی ہے، اور دوسری طرف اس طرح کی خبریں آ رہی ہیں کہ بی جے پی کے ذریعہ شیوسینا اراکین اسمبلی کو توڑنے کی کوششیں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ اس طرح کی قیاس آرائیوں کے درمیان شیوسینا رکن اسمبلی عبدالستار نے کہا ہے کہ ’’کوئی بھی اگر شیوسینا کے ایم ایل اے کو پھوڑنے کی کوشش کرے گا تو ہم ان کا سر پھوڑ دیں گے، اس کے ساتھ اس کا پاؤں بھی توڑ دیں گے، لیکن دواخانے کا بھی انتظام شیوسینا کرے گی۔ ان کے لیے ایمبولنس بھی تیار رہے گی۔‘‘

21 Nov 2019, 3:12 PM

بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں ’بلیٹ ٹرین پروجیکٹ‘ پر کھڑے کیے سوال

گجرات کے آندن سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ متیش رمیش بھائی پٹیل نے لوک سبھا میں احمد آباد-ممبئی بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کے لیے قبضہ میں لی گئی کسانوں کی زمین پر سنگین سوال کھڑے کیے ہیں۔ انھوں نے پی ایم مودی کی دیرینہ بلیٹ پروجیکٹ پر سوال کھڑے کرتے کہا کہ پروجیکٹ کے لیے قبضہ میں لی گئی زمین کا عمل انصاف پر مبنی نہیں ہے۔ انھوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ کسان پریشان ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کسانوں کی زیادہ تر زمین برباد ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی زمین جو برباد ہو گئی ہے، اسے قبضہ میں نہیں لیا جا رہا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے حکومت سے اپیل کی کہ اس معاملے میں وہ دھیان دے۔ غور طلب ہے کہ کسان کئی بار اس ایشو کو اٹھا چکے ہیں، باوجود اس کے ان کی کوئی سماعت نہیں ہو رہی ہے۔


21 Nov 2019, 1:50 PM

آخرکار بی جے پی نے پرگیہ ٹھاکر کو دل سے معاف کر ہی دیا: کانگریس

مالیگاؤں بم دھماکوں کی اہم ملزم اور مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کو وزارت دفاع کی پارلیمانی کمیٹی کے لیے نامزد کیے جانے پر کانگریس پارٹی نے طنز کسا ہے۔ کانگریس نے اس ایشو پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آخرکار مودی جی نے پرگیہ ٹھاکر کو دل سے معاف کر ہی دیا! دہشت گردانہ حملے کی ملزم کو وزارت دفاع کی کمیٹی میں جگہ دینا ان بہادر جوانوں کی بے عزتی ہے جو دہشت گردوں سے ملک کو محفوظ رکھتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے دوران پرگیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن کہا تھا۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا تھا کہ میں اس غلطی کے لیے پرگیہ ٹھاکر کو کبھی بھی دل سے معاف نہیں کر پاؤں گا۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹ میں اشاروں میں اسی بات کا تذکرہ کیا ہے۔

21 Nov 2019, 1:02 PM

بالی ووڈ اداکار ارجن رام پال نے شادی کے 21 سال بعد مہر جیسیا کو دیا طلاق

بالی ووڈ اداکار ارجن رام پال کا ان کی بیوی مہر جیسیا سے تقریباً 21 سال بعد طلاق ہو گیا ہے۔ دونوں گزشتہ کافی مدت سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے تھے اور طلاق کی عرضی داخل کی ہوئی تھی۔ ممبئی ممر کی رپورٹ کے مطابق اب دونوں کا آفیشیل طلاق ہو گیا ہے۔ باندرا کے فیملی کورٹ نے آپسی اتفاق سے دونوں کے طلاق کو منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ اس جوڑے نے 31 اپریل 2019 کو عدلات میں طلاق کی عرضی داخل کی تھی۔ اس طلاق کی عرضی کے تقریباً 6 مہینے بعد جج شیلجا ساونت نے اسیشل میریج ایکٹ کے تحت منظور کر لیا۔ ارجن اور مہر کی بیٹیوں کو عدالت نے ماں کے حوالے کر دیا ہے۔ بیٹیاں ماں کے ساتھ باندرا میں رہیں گی۔


21 Nov 2019, 12:02 PM

کولکاتا میں ایک بلڈنگ سے نوٹوں کی ہوئی بارش، لوٹنے کے لیے لوگوں میں مچی افرا تفری

مغربی بنگال میں کولکاتا کی ایک سڑک پر اچانک ایک بلڈنگ سے نوٹوں کی بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں پیسہ لوٹنے والوں کی بھیڑ لگ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ کولکاتا کی بینٹک اسٹریٹ پر پیش آیا جہاں 100، 200، 500 اور 2000 روپے کے کھلے نوٹوں کے ساتھ ساتھ نوٹوں کے کئی بنڈل بھی گرے۔ اس دوران جسے جو ہاتھ لگا، وہ لے کر نکل گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بینٹک اسٹریٹ واقع کمرشیل بلڈنگ ایم کے پوائنٹ میں حق مرچنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے دفتر میں چھاپہ مارنے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) کے افسران پہنچے تھے۔ جیسے ہی وہاں کے ملازمین کو یہ خبر ملی کہ کمپنی میں غیر قانونی ڈھنگ سے پیسے کا لین دین ہو رہا ہے، تو ڈی آر آئی کی ٹیم دفتر پہنچی۔ وہاں کے لوگ پریشان ہو گئے اور اسی وجہ سے ان لوگوں نے بلڈنگ کی کھڑکی سے نوٹوں کے بنڈل نیچے پھینکنے شروع کر دیے۔

21 Nov 2019, 11:13 AM

گیند لال ہو یا گلابی، محمد شامی ہر صورت میں خطرناک گیندباز ہیں: ردھیمان ساہا

ہندوستانی وکٹ کیپر ردھیمان ساہا نے گلابی گیند کے گیندبازوں کے لیے چیلنج ہونے کی فکر کو خارج کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’محمد شامی جیسے گیندبازوں پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے کہ گیند کی رنگ یا وکٹ کی نوعیت کیسی بھی ہو، وہ اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔‘‘ دراصل ہندوستان اپنا پہلا دن رات کا ٹسٹ جمعہ سے کولکاتا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا جس میں گیند کا رنگ گلابی ہوگا۔ گلابی گیند کے بارے میں اس طرح کی فکر کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ گیندبازوں کے لیے زیادہ فائدہ مند نہیں ہوگا۔ لیکن ردھیمان ساہا کا کہنا ہے کہ ’’محمد شامی کسی بھی وکٹ پر خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس کے پاس رفتار ہے اور وہ ریورس سوئنگ حاصل کر سکتا ہے۔‘‘


21 Nov 2019, 10:47 AM

تھائی لینڈ اور لاؤس میں زلزلے کے شدید جھٹکے

بینکاک: تھائی لینڈ کی شمالی سرحد اور اس کے پاس لاؤس کے شمال مغربی علاقہ میں جمعرات کو علی الصبح زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 6.1 تھی۔ امریکی ارضیات سروے نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق 6:50 بجے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کا مرکز چالوئم فر اكيات سے 31 کلومیٹر جنوب مشرق میں زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔

زلزلہ کی وجہ سے کسی قسم کے جان و مال کے نقصان کی خبر نہیں ہے۔ لیکن اس کے جھٹکے بینکاک سے 700 کلومیٹر کے فاصلے تک محسوس کئے گئے۔ تھائی محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار سوفن چيلا نے کہا، "زلزلہ کا مرکز لاؤس میں واقع تھا اور اس کے جھٹکے شمال اور شمال مشرقی تھائی لینڈ، بینکاک اور مضافات میں محسوس کیا گیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کہیں سے کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

21 Nov 2019, 10:17 AM

مہاراشٹر: اگلے دو دن میں حکومت سازی سے متعلق چیزیں صاف ہو جائیں گی... سنجے راؤت

مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے شیوسینا اور کانگریس و این سی پی کی کوششیں لگاتار جاری ہیں اور اس درمیان شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں چیزیں صاف ہو جائیں گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا کہ یکم دسمبر سے پہلے ساری چیزیں واضح ہوجائیں گی کہ کس طرح حکومت تشکیل پانی ہے اور کون-کون حکومت سازی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ سبھی تین پارٹیاں (شیوسینا، این سی پی اور کانگریس) ممبئی میں میٹنگیں کر رہی ہیں اور بہت جلد سب کچھ طے پا جائے گا۔


21 Nov 2019, 9:47 AM

ملک میں ملازمتیں پیدا نہ ہونا ترقی کا پہیہ رکنے کی نشانی: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بے روزگاری کو لے کر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’ملک میں ملازمتیں پیدا نہ ہونا ترقی کے پہیہ کے رکنے کی نشانی ہے۔ بی جے پی میں یہ بیماری وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ تعمیراتی سیکٹر میں تقریباً 35 لاکھ ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں۔ آئی ٹی کی بڑی بڑی کمپنیاں تقریباً 40 لاکھ ملازمتیں ختم کرنے والی ہین۔‘‘

21 Nov 2019, 8:55 AM

فیس میں اضافہ کے خلاف جے این یو طلباء کا احتجاج جاری، ڈی یو طلباء نے بھی کی حمایت

جواہر لال یونیورسٹی میں فیس کے اضافہ سے ناراض طلباء کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ آج دہلی یونیورسٹی کے طلباء نے بھی ان کے ساتھ احتجاجی مارچ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔