اہم خَبر: اعظم خان، ان کی بیوی اور بیٹے کے خلاف غیر ضمانت وارنٹ جاری

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان
سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان
user

قومی آوازبیورو

20 Nov 2019, 5:03 PM

اعظم خان، ان کی بیوی اور بیٹے کے خلاف غیر ضمانت وارنٹ جاری

اتر پردیش کے رام پور سے سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ اعظم خان، ان کی بیوی اور بیٹے کے خلاف فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ معاملے میں غیر ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ اعظم خان اور ان کی بیوی نے اپنے بیٹے کے الگ الگ جگہ سے دو پیدائش سرٹیفکیٹ بنوائے تھے۔ اس معاملے پر جنوری میں کیس درج کیا گیا تھا۔ منگل کو اے ڈی جی-6 کی عدالت میں معاملے کی سماعت ہوئی۔ اعظم خان کو پوری فیملی کے ساتھ عدالت میں حاضر ہونا تھا، لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ عدالت میں پیش نہیں ہونے پر اے ڈی جے کورٹ نے تینوں کے خلاف غیر ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔

20 Nov 2019, 4:24 PM

راجیہ سبھا میں سیٹ بدلے جانے سے ناراض سنجے راؤت نے چیئرمین ونکیا نائیڈو کو لکھا خط

راجیہ سبھا میں شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کا سیٹ بدل دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سنجے راؤت نے راجیہ سبھا کے چیئرمین ونکیا نائیڈو کو خط لکھا ہے۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ مجھے یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ میری بیٹھنے کی جگہ بدل دی گئی ہے۔ میری سیٹ کو تیسرے سے پانچویں صف میں بدل دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے کسی نے جان بوجھ کر شیوسینا کے جذبات کو مجروح کیا اور ہماری آواز کو دبانے کا کام کیا ہے۔‘‘

20 Nov 2019, 3:16 PM

مہاراشٹر: شیوسینا اراکین اسمبلی کو 5 دنوں تک کسی خاص مقام پر رکھنے کا منصوبہ

شیوسینا اپنے اراکین اسمبلی کو پانچ دن کے لیے کسی خاص مقام پر ٹھہرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ شیوسینا لیڈر عبدالستار نے اس سلسلے میں میڈیا سے کہا کہ ’’سبھی اراکین اسمبلی کو 22 نومبر کو میٹنگ کے لیے بلایا گیا ہے۔ ہمیں 5 دنوں کے لیے ہمارے شناختی کارڈ اور کپڑے کے ساتھ بلایا گیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں 3-2 دنوں کے لیے ایک جگہ پر رہنا ہوگا، پھر آگے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ یقینی طور پر ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔‘‘


20 Nov 2019, 2:06 PM

ہندو، بودھ، سکھ، جین، عیسایئ، پارسی مہاجرین کو شہریت ملنی چاہیے: امت شاہ

راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ’’ہندو، بودھ، سکھ، جین، عیسائی، پارسی مہاجرین کو شہریت ملنی چاہیے۔ اسی لیے شہریت ترمیم بل کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان، بنگلہ دیش یا افغانستان میں مذہب کی بنیاد پر تفریق کرنے والے ان مہاجرین کو ہندوستانی شہریت مل سکے۔‘‘ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ امت شاہ نے اس دوران مسلمانوں کا نام نہیں لیا۔ ایوان میں امت شاہ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں این آر سی لایا جائے گا۔ کوئی بھی، چاہے وہ کسی بھی مذہب کا ہو، اسے فکرمند نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ این آر سی کے تحت سبھی کو لانے کا یہ ایک عمل ہے۔

20 Nov 2019, 1:05 PM

جموں و کشمیر میں سبھی اردو، انگریزی اخبار اور ٹی وی چینل کام کر رہے ہیں: امت شاہ

جموں و کشمیر میں صحت خدمات پر جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ وادی میں دوائیں دستیاب ہیں، یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ موبائل میڈیسن وین بھی شروع ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ نے صحت خدمات کا دھیان رکھا ہے۔‘‘

راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ’’وادی میں سبھی اردو، انگریزی اخبار اور ٹی وی چینل کام کر رہے ہیں۔ بینکنگ خدمات پوری طرح سے چل رہے ہیں۔ سبھی سرکاری دفاتر اور سبھی عدالتیں کھلی ہیں۔ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے الیکشن ہوئے، 98.3 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔‘‘


20 Nov 2019, 12:12 PM

پارلیمنٹ میں کانگریس معیشت، بے روزگاری اور کشمیر ایشو اٹھائے گی

کانگریس پارٹی پارلیمنٹ میں معیشت، بے روزگاری اور کشمیر میں حراست میں لیے گئے لیڈروں کے ایشو کو اٹھائے گی۔ سونیا گاندھی کی صدارت میں کانگریس اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

20 Nov 2019, 11:28 AM

دہلی: جے این یو طلبا کا نمائندہ وفد فروغ انسانی وسائل کی وزارت پہنچا

دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبا کا ایک نمائندہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت پہنچا ہے۔ یونیورسٹی سے جڑے ایشوز کے وسائل کے لیے وزارت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔


20 Nov 2019, 10:37 AM

مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے عمل اگلے 5-6 دنوں میں مکمل ہو جائے گا... سنجے راوت

شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت نے بڑا بیان دیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے کا عمل اگلے 5-6 دنوں میں مکمل ہو جائے گا اور دسمبر سے پہلے مہاراشٹر میں ایک مقبول اور مضبوط حکومت کا قیام عمل میں آئے گا۔

سنجے راوت نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر گزشتہ 10-15 دنوں میں جو بھی رکاوٹیں تھیں، وہ اب نہیں رہیں ہیں، جمعرات کی دوپہر 12 بجے تک آپ کو پتہ چل جائے گا کہ تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔

وہیں این سی پی سربراہ شرد پوار آج پی ایم مودی سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات پر سوال کھڑے کرنے والوں کو بھی سنجے راوت نے جواب دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم سے کوئی ملاقات کرتا ہے تو اس سے کھچڑی پکتی ہے؟ وزیر اعظم پورے ملک کا ہوتا ہے۔ مہاراشٹر میں کسان پریشان ہیں، پوار اور ادھو ہمیشہ کسانوں کے لئے سوچتے ہیں۔

شیوسینا لیڈر نے کہا کہ ہم نے پوار صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ ریاست کے موجودہ حالات کے بارے میں وزیر اعظم کو معلومات دیں، مہاراشٹر کے تمام رہنما وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور انہیں کسانوں کے موجودہ حالات سے آگاہ کریں گے، ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ مرکز کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ممکن مدد فراہم کرے۔

مہاراشٹر کسانوں کے معاملے پر این سی پی سربراہ شرد پوار آج پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اس بات کی تصدیق این سی پی نے بھی کی ہے۔

20 Nov 2019, 9:37 AM

مہاراشٹر: کسانوں کے ایشو پر آج شرد پوار کریں گے پی ایم مودی سے ملاقات

این سی پی سربراہ شرد پوار آج پی ایم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے میڈیا کو بتایا کہ شرد پوار کی پی ایم مودی سے ملاقات آج پارلیمنٹ میں 12 بجے ہوگی۔ یہ ملاقات مہاراشٹر کے کسانوں کے ایشو پر ہوگی۔ نواب ملک کا کہنا ہے کہ شرد پوار پی ایم مودی سے مطالبہ کریں گے کہ کسانوں کے لیے کچھ امداد کی جائے تاکہ ان کی پریشانیاں دور ہوں۔


20 Nov 2019, 8:50 AM

دہلی: نقلی زیرہ بنانے والے گینگ کا پردہ فاش

دہلی پولس نے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا جو بوانا میں نقلی زیرہ بناتے تھے۔ زیرہ ملاوٹی نہیں تھا، پوری طرح سے نقلی تھا۔ اس کے لیے وہ گھاس، پتھر کے پاؤڈر اور شیرا (گڑ کے باقیات) کا استعمال کرتے تھے۔ پولس ملزمین سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔