اہم خبر: چمولی میں گہری کھائی میں گری گاڑی نو افراد ہلاک

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

13 Oct 2019, 8:59 PM

چمولی میں گہری کھائی میں گری گاڑی 9 افراد ہلاک

گوپیشور / دہرادون: اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں اتوار کی دوپہر ایک گاڑی کے گہری کھائی میں گرنے سے نو افراد ہلاک اور دیگر پانچ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو کی حالت نازک ہے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے دیوال-گھیس موٹرمارگ پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری میکس گاڑی ولان سے دیوال کی طرف آ رہی تھی۔ جیسے ہی گاڑی گاؤں سے دو کلومیٹر دور کالی تال کے پاس پہنچی تو اچانک بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔

حادثے میں نو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ زخمیوں کو تھرالی کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران سمیت تھرالی انتظامیہ اور پولس افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ سواتی ایس. بھدوريا زخمیوں سے ملنے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر تھرالی پہنچیں۔ شدید پانچ زخمیوں کو دیوال میں علاج کے بعد ہائیر سینٹر بھیجا گیا ہے۔

مرنے والوں کی شناخت جے ویر سنگھ (30)، جے سنگھ (42)، کیلاش سنگھ (40)، مدن سنگھ (55)، دروان سنگھ (65)، سریندر سنگھ (53)، دھرم رام (59)، گوپال سنگھ (37) ، مدن سنگھ (32) کے طور پر ہوئی ہے۔ سبھی مرنے والے بلان گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ زخمیوں میں بلان گاوں کے موہن سنگھ (36)، ہمت سنگھ (60)، عالم رام، مہاویر سنگھ (32 سالہ گاڑی کاڈرائیور )، گوپال سنگھ (52) شامل ہیں۔

وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت نے دیوال کے قریب پیش آئے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس حادثے کی مجسٹريٹ سطح کی جانچ کا حکم بھی دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ سنیچر کی رات ولان گاؤں کے ایک شخص کی دیوال کے ایک ہوٹل میں موت ہو گئی تھی جس کے بعد گاؤں کے یہ لوگ اس کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لئے جا رہے تھے۔

13 Oct 2019, 8:12 PM

بی جے پی کے دم پر ہوتی ہے این ڈی کی جیت: جیسوال

بھاگلپور: بہار بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے آج دعویٰ کیا کہ انتخاب میں بی جے پی کے دم پر ہی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے) کی جیت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر جیسوال نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ ”انتخاب میں بی جے پی کے دم پر ہی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جیت ہوتی ہے۔ ہم آئندہ اسمبلی انتخاب اتحاد میں لڑیں گے لیکن اس کی تیاری اپنے دم پر کریں گے۔ بہار میں لوک سبھا کی ایک اور اسمبلی کی پانچ سیٹوں پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار کی جیت یقینی ہے۔

بی جے پی ریاستی صدر نے کہ اکہ سال 2020 میں بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے امیدواروں کی ریکارڈ ووٹوں سے دوبارہ جیت ہوگی اور حکومت بنے گی۔ گٹھ بندھن سے منسلک سبھی حلیف جماعتیں مل کر انتخاب لڑیں گی اور اس میں کسی بھی طرح کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔

13 Oct 2019, 7:11 PM

ندی میں ڈوبنے سے چار لوگوں کی موت

برہانپور: مدھیہ پردیش کے برہانپور ضلع میں ندی میں ڈوبنے سے چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ پولس ذرائع کے مطابق نوبل تھانہ علاقے کے گرام کھاتلا کے نزدیک ستکا ندی میں ڈوبنے سے رولریا بنجارا کی موت ہوگئی۔ رولریا کل مویشیوں کو چرانے کے لئے گیا تھا۔ آج اس کی لاش ندی سے برآمد کی گئی ہے۔ کھکھنار تھانہ علاقے کے گرام نمدڈ کے نزدیک باندھن ندی میں ڈوبنے سے ساوتری کولی نامی 50 سالہ خاتون کی موت ہوگئی۔

اسی طرح ضلع ہیڈکوارٹر سے لگے گرام لونی کے نزدیک گنپتی کونڈ میں کل نہانے کےلئے گیا پردیپ رائے پور کے گہرے پانی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ وہیں ناگونی ندی میں ڈوبنے سے گرام اچھاپور کے رہنے والے راجو ڈابر کی موت ہوگئی۔ راجو کی ذہنی حالت درست نہیں تھی۔


13 Oct 2019, 6:11 PM

سہارنپور میں سڑک حادثے میں والد۔بیٹی سمیت چار افراد ہلاک

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں ہونے والے سڑک حادثات میں والد۔بیٹی سمیت چار افراد کی موت ہوگئی۔ پولس افسر(دیہات) ودیاساگر مشر نے بتایا کہ مرزاپور علاقے میں ٹرک کی زد میں آنے کی وجہ سے بائیک سوارسُشیل (36) اور اس کی بیٹی خوشی(11) کی موت ہوگئی جبکہ سندیپ زخمی ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے علاوہ قطب شیر علاقے میں منڈی سمیتی روڈ پر 21 برس کا ایک شخص ایئر فون لگا کر اسکوٹی پر جارہا تھا۔ گَتَّا مل کے پاس تیز رفتار ٹرک نے اسے کچل دیا۔ موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔ علاوہ ازیں ناگل علاقے میں لاکھنور کے پاس ٹرک کی زد میں آنے کی وجہ سے مظفرنگر کے چرتھاول کےباشندے بائک سوار صلاح الدین (39)کی موت ہوگئی جبکہ موسیٰ شدید زخمی ہو گیا۔

13 Oct 2019, 5:10 PM

گھاگھرا میں ڈوبنے والی چاروں خواتین کی لاشیں برآمد نہ ہوسکیں

سنت کبیرنگر: اترپردیش کے ضلع سنت کبیر نگر میں دھنگھٹا تھانہ حلقے میں گھاگھرا(سریو)ندی میں ڈوبنے والی چاروں خواتین کی لاشوں کو این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی ڈھونڈنے میں ناکام رہی ۔ ضلع انتظامیہ نے چاروں خواتین کو مردہ قرار دے دیا۔

گذشتہ روز یعنی 12اکتوبر کی صبح گھاگھرا ندی میں ڈونگی کشتی پلٹ جانے کے سبب چار خواتین سمیت 18 افراد ڈوب گئے تھے۔ ملاحوں کی مدد سے 14 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا تھا لیکن بالم پور کی مایا، ریکھا، روپا اور کویتا لاپتہ ہوگئی تھیں۔ جنھیں مقامی غوطہ خور ڈھونڈ رہے تھے۔

ضلع انتظامیہ نے این ڈی آر ایف کی ٹیم کو بلایا لیکن کل سے آج تک کی تلاشی مہم کے دوران کوئی کامیابی ہاتھ نہیں آئی۔ کافی کوششوں کے بعد بھی لاپتہ خواتین کے نہ ملنے پر ضلع انتظامیہ نے چاروں غرقاب خواتین کو مردہ قرار دے دیا۔ ضلع افسر رویش گپتا نے بتایاکہ ندی بہت گہری ہے اور گذشتہ دنوں ندی کی آبی سطح میں کافی اضافے کے ساتھ ساتھ تیز بہاؤ کی وجہ سے تلاشی مہم میں کامیابی نہیں مل سکی۔ یہی وجہ ہے کہ تمام ڈوبنے والی خواتین کو مردہ قرار دے دیا گیا تاکہ ان کے اہل خانہ کو قانونی مشکلات کا سامنا نہ کرنے پڑے۔


13 Oct 2019, 4:10 PM

شکاگوکے اپارٹمنٹ میں گولہ باری، چار ہلاک

شکاگو: امریکہ کے شکاگو میں سنیچر کی رات ایک اپارٹمنٹ میں گولہ باری میں چار لوگوں کی موت ہوگئی اور ایک شخص سنگین طور سے زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا نے پولس کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت 67 سالہ تعمیری مزدور کے طور پر ہوئی ہے جو گزشتہ 15 برسوں سے یہاں واقع تین منزلہ عمارت میں رہ رہا تھا۔ وہ کل رات اپنے اپارٹمنٹ سے نکل کر پڑوس کے اپارٹمنٹ میں گیا اور چار لوگوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ گولی باری میں تین مرد اور ایک خاتون کی موت ہوگئی۔

اس کے بعد حملہ آور ایک دیگر اپارٹمنٹ میں داخل ہوا اور وہاں بھی ایک خاتون کو گولی مار دی۔ خاتون کی حالت سنگین ہے اور وہ اسپتال میں بھرتی ہے۔ پولس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کی بندوق بھی ضبط کرلی گئی ہے۔ پولس نے بتایا کہ ملزم کا اپنے پڑوسیوں کےساتھ پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا۔

13 Oct 2019, 3:10 PM

ٹیم انڈیا نے افریقہ کو دوسرے ٹسٹ میں بھی ہرایا، سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری

ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں اننگ اور 137 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان نے ٹسٹ سیریز اپنے نام کرکے فریڈم ٹرافی پر قبضہ کر لیا ہے۔

سیریز کا اب محض ایک میچ باقی ہے جوکہ 19 اکتوبر کو رانچی میں کھیلا جائے گا۔


13 Oct 2019, 2:11 PM

مہاراشٹر کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں: پوار

اورنگ آباد: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے انتخابی ریلی کے دوران دعوی کیا کہ مہاراشٹر کے لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں ۔ پوار نے ضلع بیڑ کے گووراے میں ہفتہ کو انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست بھر کا دورہ کیا اور لوگوں سے بات کی جس کے بعد وہ کہہ سکتے ہیں کہ یہاں کے لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے مہاراشٹر کے لئے کیا کیا ہے ۔

پوار نے کہا’’ریاست کے لوگوں کو بخوبی معلوم ہے کہ میں نے مہاراشٹر کے لئے کیا کیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ سیاست میں ابھی نئے ہیں ‘‘۔انہوں نے کہا کہ شاہ کی پارٹی اچھے طرح جانتی ہے کہ وہ یہ انتخابات ہارنے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی بے روزگاری اور دیگر حساس مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے دفعہ 370 ہٹانے جیسے مسئلے کو اچھال رہی ہے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور انتخابی تشہر کے آخری دنوں میں تمام پارٹیاں پورا زور لگا رہی ہیں ۔

13 Oct 2019, 12:58 PM

ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالث ہوں گے عمران خان

ریاض: ایران اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے اپنی ثالثی کوششوں کے تحت پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اتوار كو ریاض پہنچ رہے ہیں ۔

عمران خان سعودی عرب کے علاوہ ایران کے سرکاری دورہ پر بھی تہران جا رہے ہیں۔ ان کے ایجنڈے میں علاقے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے راستہ تلاش کرنے کو لے کر تبادلہ خیال کرنا شامل ہے۔

عمران خان نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کے بعد کہا تھا کہ امریکہ اور سعودی عرب نے ریاض اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ثالثی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے بعد ہی عمران خان کے دورے طے کئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔