ویتنام میں ہندوستانی سیاحوں سے بھری کشتی الٹی، 15 افراد جاں بحق، سفارتخانہ نے ہیلپ لائن نمبر کیا جاری
فو کووک کے اسپیشل اکنامک زون کے حکام کا کہنا ہے کہ دوپہر ایک بجے اوشن پیئر آئی لینڈ کمپنی کی ایک اسپیڈ بوٹ سیاحوں کو ہون مے روٹ سے این تھوئی بندرگاہ لے جا رہی تھی، جو حادثہ کا شکار ہو گئی۔

ویتنام میں ہندوستانی سیاحوں کو اس وقت خوفناک حادثہ کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک کشتی ندی میں الٹ گئی۔ یہ حادثہ فو کووک جزیرے کے قریب پیش آیا جس میں کئی ہندوستانی سیاحوں کی موت ہو گئی۔ ہندوستانی سفارت خانہ کے مطابق وہ مقامی حکام کے رابطے میں ہے اور صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
ویتنام میں ہندوستانی سفارت خانہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ چند گھنٹے پہلے ویتنام کے فو کووک جزیرے کے قریب کئی ہندوستانی سیاحوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی۔ واقعہ کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ مقامی حکام کی جانب سے ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔
فو کووک کے اسپیشل اکنامک زون کے حکام سے موصولہ معلومات کے مطابق دوپہر ایک بجے اوشن پیئر آئی لینڈ کمپنی کی ایک اسپیڈ بوٹ سیاحوں کو ہون مے روٹ سے این تھوئی بندرگاہ لے جا رہی تھی۔ یہ مقام فو کووک ہوائی اڈے سے 25 کلومیٹر دور ہے۔ اسی دوران ہون مے روٹ نگوئی سے تقریباً 499 میٹر کے فاصلے پر کشتی الٹ گئی، جس کے باعث اس میں سوار تمام افراد سمندر میں جا گرے۔ کشتی کو الٹا دیکھ کر قریب موجود سیاحتی کشتیاں مدد کے لیے پہنچ گئیں۔ ریسکیو میں شامل ایک کشتی کے مالک نے بتایا کہ ان کی کشتی 5 منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی، لیکن امدادی کارروائی میں دشواری اس لیے پیش آئی کیونکہ کئی افراد کشتی کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت کم لوگ ہوش میں آ سکے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ والی جگہ پر بارش نہیں ہو رہی تھی، لیکن سمندر کی لہریں بہت تیز تھیں۔ اس وقت اس علاقے میں دیگر سیاحتی کشتیاں بھی چل رہی تھیں۔ این تھوئی بارڈر گارڈ نے جائے حادثہ پر 2 جہاز اور 35 افسران و اہلکار روانہ کیے، جنہوں نے بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ فورسز کے ساتھ مل کر امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ دوپہر تک ریسکیو ٹیم نے اسپیڈ بوٹ میں سوار تمام 36 افراد کو ساحل تک پہنچا دیا تھا۔ ان میں سے 21 افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ 15 دیگر (2 خواتین اور 13 مرد) کی موت کی تصدیق ہوئی۔
سفارت خانہ نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو معلومات اور مدد فراہم کرنے کے لیے ہو چی منھ سٹی میں ہندوستان کے قونصل خانہ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ کسی جانکاری کے لیے ہیلپ لائن نمبرس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ہنوئی میں بھی ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سفارت خانہ نے کہا ہے کہ وہ ہر ممکن مدد اور سوالات کے جواب کے لیے دستیاب ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
