بھارت جوڑو نیائے یاترا: راہل گاندھی نے منی پور کے تھوبل سے شروع کی یاترا، لوگوں کا جم غفیر امنڈ پڑا
بھارت جوڑو نیائے یاترا 67 دنوں تک چلے گی۔ اس عرصے کے دوران کل 6713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی

راہل گاندھی نے منی پور کے تھوبل سے شروع کی یاترا، لوگوں کا جم غفیر امنڈ پڑا
راہل گاندھی نے منی پور کے تھوبل سے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل کھونگ جوم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی پور میں لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچایا گیا لیکن آج تک ملک کے وزیر اعظم عوام کے آنسو پونچھنے منی پور نہیں آئے، یہ شرم کی بات ہے۔
آپ نے جو کھویا ہے، ہم اسے واپس لائیں گے، راہل گاندھی کا منی پور کے لوگوں سے وعدہ
منی پور میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ شروع کرنے سے پہلے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے جس چیز کو اہمیت دی ہے اسے کھو دیا ہے، لیکن آپ نے جس چیز کو اہمیت دی ہے اسے ہم ایک بار پھر ڈھونڈیں گے اور آپ کے پاس واپس لائیں گے۔ ہم منی پور کے لوگوں کے درد کو سمجھتے ہیں۔ ہم اس تکلیف، نقصان اور غم کو سمجھتے ہیں جس سے آپ گزرے ہیں۔ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم وہ سب واپس لائیں گے جن کی آپ نے قدر کی ہے، ہم وہ ہم آہنگی، امن، پیار واپس لائیں گے جس کے لیے یہ ریاست ہمیشہ سے جانی جاتی ہے۔‘‘
منی پور میں اتنی تباہی کے بعد بھی پی ایم مودی عوام کے آنسو پونچھنے نہیں آئے، راہل گاندھی
کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا منی پور سے آغاز ہو رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’میں 29 جون کو منی پور آیا تھا۔ اس سفر کے دوران میں نے جو کچھ دیکھا اور سنا، اس سے پہلے نہ کبھی سنا تھا اور نہ دیکھا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں 2004 سے سیاست میں ہوں۔ میں پہلی بار ہندوستان کی ایک ایسی ریاست میں گیا جہاں حکومت کا پورا ڈھانچہ تباہ ہو چکا تھا۔ جسے ہم منی پور کہتے تھے اب وہ منی پور نہیں رہا۔ ہر کونے میں نفرت پھیل گئی۔ لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا۔ بھائی بہن اور ماں باپ ہماری آنکھوں کے سامنے مارے گئے۔ آج تک ملک کا وزیر اعظم آپ کے آنسو پونچھنے، آپ کو گلے لگانے یا آپ کا ہاتھ پکڑنے منی پور نہیں آیا۔ یہ شرم کی بات ہے۔ شاید مودی جی کے لیے، بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیے، منی پور ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ آپ کا دکھائی دینے والا درد ان کا درد اور تکلیف نہیں ہے۔‘‘
بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک تاریخی یاترا ہے: اشوک گہلوت
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے کہا، ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک تاریخی یاترا ہے۔ راہل گاندھی منی پور سے امن اور محبت کے پیغام کے ساتھ نیائے یاترا کی شکل میں نکلے ہیں، جہاں اتنا تشدد ہوا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، امیر اور غریب کا فرق بڑھتا جا رہا ہے، ان تمام مسائل پر انصاف ہونا چاہیے۔‘‘
منی پور پہنچے راہل گاندھی، کچھ دیر میں شروع ہوگی یاترا
راہل گاندھی پارٹی کے دیگر لیڈروں کے ساتھ منی پور پہنچ گئے ہیں۔ یہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا تھوبل، منی پور کے کھونگ جوم سے جلد ہی شروع ہوگی۔ یہ یاترا 67 دنوں میں 110 اضلاع میں 6700 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گی۔
ممبئی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی یاترا
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج یعنی 14 جنوری سے 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' شروع کرنے جا رہے ہیں۔ یہ یاترا منی پور کے تھوبل ضلع سے شروع ہو کر ممبئی پہنچے گی۔ اس دوران راہل گاندھی 6000 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کریں گے اور یہ یاترا دو ماہ تک جاری رہے گی۔ راہل گاندھی 60 سے 70 مسافروں کے ساتھ پیدل اور بس سے سفر کریں گے۔
بھارت جوڑو نیائے یاترا 67 دنوں تک چلے گی۔ اس عرصے کے دوران کل 6713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی۔ اس مدت کے دوران یہ 15 ریاستوں کے 110 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی مقامی لوگوں سے ملاقات کریں اور مختلف مقامات پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوران لوگوں کو بتائیں گے کہ عوام تک انصاف پہنچانے کے لیے کانگریس کے ذہن میں کیا ہے۔
کانگریس کے مطابق یہ ایک سیاسی پارٹی کی نظریاتی یاترا ہے، اسے انتخابی یاترا نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ پچھلی یاترا (بھارت جوڑو یاترا) میں راہل گاندھی کا پیغام نفرت سے لڑنے کے لیے محبت کا استعمال کرنا تھا، لیکن اس یاترا (بھارت جوڑو نیائے یاترا) کا پیغام ناانصافی کے خلاف لڑنا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
