یو اے ای میں ’فوٹو گرافی‘ سے کریں پرہیز، ایران-اسرائیل کشیدگی کے درمیان ہندوستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری

حکومت ہند نے ایران-اسرائیل جنگ کے پیش نظر یو اے ای میں مقیم لاکھوں ہندوستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں شہریوں کو جائے وقوعہ کی تصاویر لینے اور انہیں شیئر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی / تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ایران اور اسرائیل-امریکہ جنگ کے درمیان دبئی یا ابو ظہبی میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کے لیے ہندوستانی حکومت کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق ڈیجیٹل یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ جائے وقوعہ کی تصاویر نہ لیں اور نہ ہی انہیں شائع کریں۔ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے افسران نے وارننگ دی ہے کہ جائے وقوعہ یا ممنوعہ علاقوں یا ایئرپورٹ کے اندر بغیر اجازت ویڈیو بنانے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی اپنے تحفظ کو یقینی بنانے اور قانونی نتائج سے بچنے کے لیے تمام شہریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ درج ذیل باتوں پر سختی سے عمل کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ جب بھی آپ کسی قسم کا وارننگ الرٹ سنیں، تو فوراً کسی محفوظ جگہ پر چلے جائیں اور تب تک وہیں رہیں جب تک آپ کے علاقے کے لیے وارننگ الرٹ ختم نہ کر دیا جائے۔ ایسی صورتحال میں کسی بھی طرح سے تصویر کھینچنے یا ویڈیو ریکارڈ کرنے لیے باہر جانے کی کوشش نہ کریں۔


8 مارچ کو جاری کی گئی ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ اس میں پروجیکٹائل یا چھروں سے ہونے والے نقصان کی تصاویر بھی شیئر نہیں کرنی ہیں۔ اس کےعلاوہ اگر آپ کے آس پاس چھرے گرتے ہیں یا کوئی مشتبہ چیز ملتی ہے تو فوری طور پر متعلقہ افسران کو اس کے بارے میں مطلع کریں، تاکہ وہ صورت حال کو محفوظ طریقے سے اور تیزی سے سنبھال سکیں۔ اس جگہ سے دور رہیں اور کسی بھی حصے کے پاس نہ جائیں یا اسے نہ چھوئیں۔ ایئرپورٹ کے اندر آمد و رفت کے دوران تصویر نہ لیں اور ویڈیو ریکارڈ نہ کریں۔

واضح رہے کہ موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر، ابوظہبی میں ہندوستانی سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات میں رہنے والے یا وہاں آنے والے تمام ہندوستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یو اے ای افسران کی جانب سے جاری کردہ مقامی قوانین اور سیکورٹی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔