سونا اور چاندی میں پھر بڑی گراوٹ، قیمتیں 14 ماہ کی سب سے نچلی سطح پر پہنچیں
سونا اور چاندی کی قیمتوں میں آئی کمزوری سے ان لوگوں کو راحت مل سکتی ہے، جو شادی یا کسی دوسرے موقع کے لیے زیورات خریدنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

کئی مہینوں سے مسلسل مہنگا ہونے والے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گزشتہ کچھ عرصہ سے گراوٹ کا سلسلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں ان دنوں بڑی کمی آئی ہے۔ جمعہ کو بین الاقوامی بازار میں سونا 3,500 ڈالر (تقریباً 3.14 لاکھ روپے) فی اونس پر آ گیا، جبکہ چاندی کی قیمت 42 ڈالر (تقریباً 3,766 روپے) فی اونس تک پہنچ گئی۔ دونوں دھاتوں کی یہ قیمت ستمبر 2025 کے بعد کی سب سے نچلی سطح ہے۔ اس ہفتہ سونے کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد اور چاندی کی قیمت میں 13 فیصد سے زیادہ گراوٹ درج کی گئی ہے۔ قیمتوں میں آئی اس کمزوری سے ان لوگوں کو راحت مل سکتی ہے، جو شادی یا کسی دوسرے موقع کے لیے سونا اور چاندی خریدنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کی ایک بڑی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور شرح سود میں اضافے کا خدشہ ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو کے کئی عہدیدار مہنگائی کو 2 فیصد کے ہدف تک لانے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی کے حق میں ہیں۔ فیڈ کے گورنر کرسٹوفر والر نے دسمبر میں شرح سود میں 0.50 فیصد تک اضافے پر غور کرنے کی بات کہی ہے۔
دراصل شرح سود بڑھنے سے سونے جیسے سرمایہ کاری کے ذرائع پر باقاعدہ سود نہیں ملتا، اس لیے ان کے مقابلے میں سرمایہ کاری کے دوسرے متبادل زیادہ پرکشش ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی ڈالر بھی مضبوط ہوا ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے دوسری کرنسیوں میں سونا خریدنے والے لوگوں کے لیے اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے، جس سے طلب اور قیمتوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
یہ گراوٹ صرف بین الاقوامی بازاروں تک محدود نہیں رہی، بلکہ اس کا اثر ہندوستانی بازار میں بھی دیکھنے کو ملا۔ آج سونا تقریباً 1 فیصد گر کر 1,29,599 روپے فی 10 گرام پر کھلا۔ وہیں، چاندی کی قیمت تقریباً 1.4 فیصد گر کر 1,61,522 روپے فی کلوگرام پر پہنچ گئی۔ جنوری 2026 میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سونا تقریباً 26.50 فیصد اور چاندی تقریباً 58 فیصد سستی ہو چکی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
