وزیر اعظم نریندر مودی سے ملے ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی، 2030 تک ہندوستان میں 48 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا کیا اعلان
’ایکس‘ پر اینڈی نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہندوستان میں ایمیزون کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں ملاقات انتہائی شاندار رہی۔‘‘

ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے بدھ (24 جون) کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس دوران جیسی نے ہندوستان کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ جیسی نے ملک میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی توسیع کے لیے 2030 تک مزید 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اینڈی نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہندوستان میں ایمیزون کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں ملاقات انتہائی شاندار رہی۔ ہم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ہندوستان میں صارفین، فروخت کنندگان، ڈیولپرز، اسٹارٹ اپس اور صنعتوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ابھی تو ہمارے اس سفر کا آغاز ہوا ہے۔‘‘
اینڈی جیسی نے مزید لکھا کہ ’’میں نے ان سے آئندہ کے منصوبے پر بات کی۔ بتایا کہ ایمیزون آنے والے 5 سالوں میں ہندوستان میں 48 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، جس میں 21 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری اے آئی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کے شعبے میں کی جائے گی۔‘‘ ان کے مطابق 2030 تک ہمارا منصوبہ 38 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے، 80 ارب ڈالر کی ای کامرس برآمدات کو ممکن بنانے اور 1.5 کروڑ چھوٹے کاروباروں اور 40 لاکھ سرکاری اسکولوں کے طلبہ تک اے آئی کے فوائد پہنچانے کا ہے۔ میں آنے والے وقت کے لیے پرجوش ہوں۔ ہندوستان میں ہم جو کچھ بنا سکتے ہیں، اس کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
ایمیزون کی آفیشل سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق اس نئی سرمایہ کاری کے ساتھ 2026 سے 2030 کے درمیان ہندوستان میں اے آئی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے لیے ایمیزون کی کل مجوزہ سرمایہ کاری 21 ارب ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔ کمپنی کے مطابق یہ ہندوستان میں اے آئی اور کلاؤڈ کے شعبے میں سب سے بڑی عالمی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہوگی۔ ایمیزون ویب سروسز (اے ڈبلیو ایس) کے ڈیٹا سنٹر نیٹورک کو ممبئی اور حیدرآباد میں وسعت دی جائے گی۔ اس سے اسٹارٹ اپس، بڑی صنعتوں اور سرکاری اداروں کو اے آئی چپس، مینیجڈ اے آئی سروسز، محفوظ کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور ڈیولپر ٹولز تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔
کمپنی نے بتایا کہ 2010 سے 2030 تک ہندوستان میں اس کی کل سرمایہ کاری 88 ارب ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ ایمیزون اپنے ای کامرس اور کوئک کامرس نیٹورک کو مضبوط بنانے کے لیے بھی سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔ ایمیزون اس سال ملک بھر میں 20 سے زیادہ نئے فل فلمنٹ سنٹرز اور 100 سے زیادہ نئے لاسٹ مائل ڈیلیوری اسٹیشنز شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس سے خاص طور پر ٹیئر-3 اور ٹیئر-4 شہروں میں صارفین کو تیز رفتار اور قابل اعتماد ڈیلیوری کی سہولت ملے گی۔ کمپنی نے ڈیلیوری عملے کی فلاح و بہبود کے لیے ’سمان‘ کے نام سے ایک خصوصی پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اینڈی جیسی نے وزیر اعظم مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ایمیزون کا کاروبار تیزی سے بڑھ رہا ہے، خاص طور پر ای کامرس، اے آئی اور کلاؤڈ خدمات کے شعبے میں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ترجیحات ہندوستان کی ڈیجیٹل معیشت، چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل بنانے، روزگار کی فراہمی اور برآمدات بڑھانے کے اہداف کے عین مطابق ہیں۔
ایمیزون کے مطابق ہندوستان میں کمپنی نے اب تک 1.2 کروڑ چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل بنایا ہے، 20 ارب ڈالر سے زیادہ کی ای کامرس برآمدات کو ممکن بنایا ہے اور 28 لاکھ ملازمتوں کی مدد کی ہے۔ کمپنی نے ایک کروڑ سے زائد ہندوستانی کو کلاؤڈ اسکلز کی تربیت بھی دی ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ آنے والے 5 سالوں میں ایمیزون ہندوستان میں اپنے کاروبار کی توسیع کے لیے کل 48 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور ’وکست اور آتم نربھر بھارت‘ کے ہدف میں طویل عرصے تک شراکت دار بنا رہے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
