تلنگانہ: بس حادثہ میں 52 افراد ہلاک، کئی زخمی

تلگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس حادثہ کی شکار ہو گئی جس میں 52 افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں ہیں۔ مہلوکین میں 20 خواتین اور 7 بچے بھی شامل ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں منگل کے روز ایک بس حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں سوار 52 لوگوں کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ خبروں کے مطابق اس حادثہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولس نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹیشن کارپوریشن کی بس کونڈاگٹو پہاڑ پر واقع ہنومان مندر سے لوٹ رہی تھی کہ کونڈاگٹو گھاٹ روڈ پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سڑک پر ڈھلان تھی اور اس دوران بس کا بریک فیل ہو گیا۔ نتیجہ کار بس کھائی میں جا گری۔ اطلاعات کے مطابق مہلوکین میں 20 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ کچھ زخمیوں کی حالت سنگین ہونے کی وجہ سے مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

جگتیال کی پولس سپرنٹنڈنٹ سندھو شرما نے اس حادثے میں 45 لوگوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ابھی تک 45 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ زخمیوں کو نزدیک کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بچاؤ کام تیزی سے جاری ہے۔‘‘

راحت اور بچاؤ کام کا جائزہ لینے پہنچے جگتیال کے ضلع مجسٹریٹ شرت نے بتایا کہ ’’حادثے میں کم از کم 45 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جب کہ درجنوں لوگ زخمی ہوئے ہیں، انھیں کئی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔‘‘ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے اس حادثہ میں مرنے والے لوگوں کے تئیں افسوس ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی مہلوکین کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے بھی تلنگانہ میں ہوئے اس افسوسناک حادثہ پر اظہارِ غم کیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میری خراجِ تحسین ان لوگوں کے ساتھ ہے جو اس حادثہ میں اپنے عزیزوں سے بچھڑ گئے۔ اللہ انھیں صبر کرنے کی طاقت عطا کرے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔