فرضی ہائی کورٹ احکامات کے باعث ہندوستان میں بلاک ہوئیں 129 بیٹنگ ویب سائٹس، تحقیقات میں انکشاف

’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے 21 جولائی اور 2 ستمبر 2026 کو انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس (آئی ایس پی) کو 2 بار ویب سائٹ بلاک کرنے کی ہدایت دی تھی۔

عدالت، علامتی تصویر
i

ہندوستان میں 129 آن لائن بیٹنگ ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان ویب سائٹس کو ہٹانے کے لیے محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) کو راجستھان اور الٰہ آباد ہائی کورٹ کے نام سے 2 مبینہ عدالتی حکم بھیجے گئے تھے۔ دستاویزات پر عدالتی مہر، قومی نشان اور جج کے نام تک موجود تھے۔ نیوز ایجنسی ’رائٹرز‘ کی تحقیقات میں پتہ چلا کہ دونوں حکم اصلی نہیں تھے۔ اس انکشاف کے بعد الٰہ آباد ہائی کورٹ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔

’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے 21 جولائی اور 2 ستمبر 2026 کو انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس (آئی ایس پی) کو 2 بار ویب سائٹ بلاک کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پہلی بار 34 اور دوسری بار 95 بیٹنگ ویب سائٹ کو بلاک کرنے کے لیے کہا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 129 ویب سائٹ پر کارروائی ہوئی۔


پہلا مبینہ حکم راجستھان ہائی کورٹ کے نام سے بھیجا گیا تھا۔ 19 جولائی کو رات میں 8:59 بجے افسران کو ایک ای میل موصول ہوا، جس میں 24 گھنٹے کے اندر کارروائی کرنے کو کہا گیا تھا۔ دستاویز پر عدالت کی مہر، قومی نشان اور آرین چودھری نامی شخص کے دستخط تھے۔ اسے ایڈوکیٹ-آن-ریکارڈ بتایا گیا تھا۔ تاہم جب ’رائٹرز‘ نے اس ای میل ایڈریس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہ دستیاب نہیں تھا۔ راجستھان ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے بھی کہا کہ ایسا کوئی حکم عدالت کے سرور پر نہیں تھا اور دستاویز فرضی معلوم ہوتا ہے۔

دوسرا مبینہ حکم الٰہ آباد ہائی کورٹ کے نام سے تیار کیا گیا تھا۔ اسے 14 اگست کا حکم بتایا گیا اور 22 اگست کو کارتکیہ پانڈے نام کے شخص نے افسران کو ای میل کیا تھا۔ اس دستاویز پر عدالت کا لوگو، مہر اور کیو آر کوڈ بھی تھا۔ عام طور پر کیو آر کوڈ کے ذریعہ عدالتی حکم کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ لیکن اسے اسکین کرنے پر Writ-A 30480/2026 نام کا کیس نمبر دکھائی دیا، جس کا عدالت کے آن لائن ریکارڈ میں کوئی ثبوت نہیں ملا۔ اس کے باوجود 2 ستمبر کو محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے مزید 95 بیٹنگ ویب سائٹ کو بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا۔


’رائٹرز‘ کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے کے بعد الٰٰہ آباد ہائی کورٹ نے اس کی جانچ کی۔ جسٹس گریما پرساد کے دفتر نے واضح کیا کہ ان کے نام سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں ہوا تھا۔ اس کے بعد 6 نومبر کو نامعلوم افراد کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی گئی۔ اترپردیش کے سینئر سائبر کرائم افسر گھنشیام یادو نے بھی عدالتی حکم کو فرضی قرار دیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔