یوسف پٹھان کو ٹی ایم سی سے بغاوت کا ملا فائدہ، 20 کروڑ کی زمین کا معاملہ حل ہوا!
500 مربع میٹر زمین یوسف پٹھان کو رہائشی استعمال کے لیے تحفے کے طور پر دی جائے گی، جبکہ باقی 478 مربع میٹر زمین کی منتقلی اس کی مقررہ قیمت کے 55 فیصد پر کی جائے گی۔

مغربی بنگال کی بہرام پور پارلیمانی سیٹ سے رکن پارلیمنٹ یوسف پٹھان کو ممتا بنرجی کی ٹی ایم سی سے بغاوت کے 2 ماہ بعد گجرات کی بی جے پی حکومت نے بڑا تحفہ دیا ہے۔ وڈودرا میونسپل کارپوریشن نے ان کے خلاف 978 مربع میٹر کے متنازعہ پلاٹ سے متعلق ان کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ اس کے تحت اب یہ پلاٹ انہیں الاٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ 2 سال قبل اسی معاملے میں انہیں نوٹس دیا گیا تھا۔ اس پلاٹ میں سے 500 مربع میٹر زمین انہیں رہائشی استعمال کے لیے تحفے کے طور پر دی جائے گی، جبکہ باقی 478 مربع میٹر زمین کی منتقلی اس کی مقررہ قیمت کے 55 فیصد پر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے کنٹرول والی وڈودرا میونسپل کارپوریشن نے جون 2024 میں یوسف پٹھان کو یہ نوٹس بھیجا تھا۔ یہ نوٹس انہیں مغربی بنگال کی بہرام پور لوک سبھا سیٹ سے ٹی ایم سی کے ٹکٹ پر پارلیمانی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے چند ہی دن بعد ملا تھا۔ جون 2026 میں بنگال میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے کچھ عرصہ بعد پٹھان ان 20 ٹی ایم سی اراکین پارلیمنٹ میں شامل تھے، جنہوں نے پارٹی سے ناطہ توڑ کر ’نیشنلسٹ سٹیزنس پارٹی آف انڈیا‘ (این سی پی آئی) نامی ایک کم معروف پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اس پارٹی کی حمایت این ڈی اے کو حاصل ہے، یعنی یوسف پٹھان بھی ایک طرح سے بی جے پی کی حمایت میں چلے گئے۔ اس کے بعد اب ان کا یہ معاملہ نمٹا دیا گیا ہے، جسے بی جے پی کی جانب سے انہیں تحفہ دیا جانا تصور کیا جا رہا ہے۔
بہرحال، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منظور شدہ 2.10 لاکھ روپے فی مربع میٹر کے حساب سے اس زمین کی موجودہ قیمت 20.53 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے 500 مربع میٹر زمین تحفے کے طور پر دی ہے، جبکہ باقی 478 مربع میٹر زمین کی قیمت مقرر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مقررہ قیمت پر 45 فیصد کی رعایت بھی ملے گی۔ وڈودرا کے میونسپل کمشنر مہیش بابو کے مطابق یوسف پٹھان کو زمین الاٹ کرنے کی منظوری حکومت سے مل گئی ہے۔ تاہم ابھی وڈودرا میونسپل کارپوریشن کے مستقل طریقۂ کار کے تحت منظوری ملنا باقی ہے۔ جنرل بورڈ کی میٹنگ میں تجویز پیش کیے جانے کے بعد مستقل کمیٹی اس پر غور کرے گی۔
