ای-20 ایتھنول پالیسی کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج، حکومت پر عوام کی گاڑیوں کو ’تجربہ گاہ‘ بنانے کا الزام

دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہا کہ ای-20 پٹرول پالیسی سے آٹوموبائل صنعت کو بڑا دھچکا لگا ہے اور مہنگی گاڑیاں وقت سے پہلے خراب ہو رہی ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر محمد تسلیم</p></div>
i

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی ای-20 (20 فیصد ایتھنول ملا ہوا) پٹرول پالیسی کے خلاف انڈین یوتھ کانگریس نے جمعہ کو دہلی میں واقع اپنے قومی ہیڈکوارٹر سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری کے چہرے والے ماسک پہن رکھے تھے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کی بوتلیں بھی لے رکھی تھیں اور اپنے احتجاج میں گنے کا رس نکالنے والی مشین بھی تھی۔

انڈین یوتھ کانگریس کے کارکنان کا کہنا تھا کہ عوام کو ایتھنول کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے، نتن گڈکری عوام کے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں اور انہیں صرف اپنے بیٹوں کی جیبیں بھرنے کے لیے لوٹ رہے ہیں، جو ایتھنول کے کاروبار میں ہیں۔

دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوام کی رائے لیے بغیر ایسی پالیسیاں نافذ کر رہی ہے جن سے لاکھوں گاڑی مالکان متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو واقعی ماحولیات اور کسانوں کی فکر ہے تو اسے ایسی پالیسی بنانی چاہیے جس میں عوام کے مفادات کا بھی مکمل تحفظ ہو۔


اکشے لاکڑا نے کہا کہ ای-20 پٹرول کے متعارف ہونے سے ملک کی آٹوموبائل انڈسٹری کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ سڑکوں پر مہنگی گاڑیاں خراب ہو رہی ہیں۔ اگر ہمیں نتن گڈکری کو ہی پٹرول کی رقم ادا کرنی ہے تو پٹرول کمپنیوں کو کیوں کریں؟ ہم آج یہاں نتن گڈکری کو براہ راست ادائیگی کرنے آئے ہیں۔ اس ملاوٹ شدہ پٹرول کے لیے نتن گڈکری ذمہ دار ہیں۔

اکشے لاکڑا نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ای-20 پالیسی پر نظرثانی کرے اور عوام کو عام پٹرول اور ای-20 پٹرول میں سے اپنی پسند کا ایندھن منتخب کرنے کا حق دے۔

مظاہرین نے کہا کہ ای-20 پٹرول کے استعمال سے پرانی گاڑیوں کی کارکردگی، انجن کی عمر اور مینٹیننس لاگت پر اثر پڑنے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر اضافی اخراجات مسلط کرنے والی کسی بھی پالیسی کو قبول نہیں کیا جائے گا اور اگر حکومت نے عوامی خدشات کو نظر انداز کیا تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔

احتجاج کے دوران کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ جب تک ملک کی تمام گاڑیاں ای-20 ایندھن کے لیے مکمل طور پر موزوں نہیں ہو جاتیں، تب تک عام پٹرول کی فراہمی برقرار رکھی جائے اور شہریوں کو اپنی ضرورت کے مطابق ایندھن منتخب کرنے کی آزادی دی جائے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔