بی جے پی ہیڈکوارٹر کے باہر یوتھ کانگریس کا احتجاج، امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ

یوتھ کانگریس کے احتجاج کے دوران 20 جولائی کے طلبہ احتجاج میں لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کے استعمال پر جواب دہی کا مطالبہ کیا گیا، جس میں اکشے لاکڑا اور خوشبو منگلا سمیت بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی

<div class="paragraphs"><p>تصویر یوتھ کانگریس</p></div>
i

نئی دہلی: طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی کے معاملے کو لے کر انڈین یوتھ کانگریس نے منگل کو بی جے پی کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یوتھ کانگریس کارکنان نے بی جے پی دفتر کی جانب مارچ کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ 20 جولائی کو طلبہ کے احتجاج کے دوران دہلی پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کے استعمال کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔

یوتھ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ اس کارروائی کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور طلبہ کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے والے اہلکاروں کی جواب دہی طے کی جائے۔ احتجاج میں دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا اور خوشبو منگلا سمیت تنظیم کے متعدد عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جو مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ یوتھ کانگریس کا الزام ہے کہ 20 جولائی کو احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف دہلی پولیس نے طاقت کا استعمال کیا، جس میں لاٹھی چارج کے ساتھ پیلٹ گن بھی استعمال کی گئی۔ تنظیم کے مطابق اس کارروائی میں نوجوان زخمی ہوئے اور اس معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔


تنظیم نے کہا کہ دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے، اس لیے پولیس کارروائی کے معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ سے بھی جواب طلب کیا جانا چاہیے۔ اسی بنیاد پر مظاہرین نے امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ یوتھ کانگریس نے احتجاج کے دوران بہار میں اے کے 47 کے استعمال سے متعلق حکم کا معاملہ بھی اٹھایا۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ ملک میں نوجوانوں اور عام شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے الزامات پر حکومت کو وضاحت دینی چاہیے اور ایسے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔ احتجاج کے دوران کارکنان نے کہا کہ یہ مظاہرہ صرف ایک دن کا احتجاج نہیں بلکہ نوجوانوں اور طلبہ کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کا حصہ ہے۔

یوتھ کانگریس نے اعلان کیا کہ امت شاہ کے استعفے تک اس کی تحریک جاری رہے گی اور اس معاملے کو دہلی کی سڑکوں سے ملک کے مختلف حصوں تک لے جایا جائے گا۔ یوتھ کانگریس کے رہنماؤں نے کہا کہ جمہوری نظام میں طلبہ اور نوجوانوں کو اپنی بات رکھنے اور پرامن احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے۔ احتجاج کرنے والوں کو طاقت کے ذریعے خاموش کرنے کے بجائے ان کے مطالبات سنے جانے چاہئیں۔

یوتھ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 20 جولائی کے واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، یلٹ گن کے استعمال کے ذمہ دار اہلکاروں کی شناخت کی جائے اور زخمی طلبہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ یوتھ کانگریس نے واضح کیا کہ جب تک اس معاملے میں جواب دہی طے نہیں ہوتی، وہ اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔