’شراب کی خالی بوتل واپس کرنے پر ملیں گے 10 روپے‘، تمل ناڈو میں اے آئی مشین کا انوکھا استعمال
اکثر لوگ شراب پینے کے بعد خالی بوتل ادھر اُدھر پھینک دیتے ہیں جس سے گندگی اور حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ حکومت کو امید ہے اب 10 روپئے کی لالچ میں لوگ خالی بوتل سنبھال کر رکھیں گے اورمشین میں ہی ڈالیں گے۔

جنوبی ریاست تمل ناڈو میں شراب کی ہر بوتل پر 10 روپئے زیادہ وصول کئے جانے کے مسئلے سے حکومت طویل عرصے سے پریشان ہے۔ اسے روکنے کی تمام کوششوں کے بعد بھی کامیابی نہیں مل پا رہی تھی۔ مگر اب اس چیلنج سے نپٹنے کے لیے سرکاری سطح پر ایک بے حد انوکھا اور ہائی ٹیک راستہ نکالا گیا ہے۔
ریاست کی ’ٹاسمیک‘ شراب کی دکانوں پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس ’بوتل کلیکٹنگ مشین‘ لگائی گئی ہے۔ یہ ایڈوانس مشین پوری طرح سے اے آئی پر کام کرتی ہے۔ جب کوئی صارف شراب پینے کے بعد خالی بوتل کو اس مشین کے اندر ڈالتا ہے تو مشین فوری ایکٹیو ہوجاتی ہے۔ مشین میں لگا خاص اسکینر بوتل پر چھپے ’کیو آر کوڈ‘ کو اسکین کرتا ہے۔ جیسے ہی مشین بوتل کی پہچان کرتی ہے، وہ فوراً بوتل گرانے والے شخص کو 10 روپئے واپس کر دیتی ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس نئے انتظام سے شراب نوشی کرنے والوں سے ہونے والی اضافی وصولی پر پوری طرح روک لگ سکے گی۔
خبروں کے مطابق ریاست میں اب تک دکانوں پر ’ایم آر پی‘ سے زیادہ پیسے وصول کئے جانے کی شکایات آرہی تھیں جس سے نپٹنا انتظامیہ کے لئے بڑا سر درد بنا ہوا تھا۔ اس ڈیجیٹل اور آٹومیٹک مشین کے آنے سے اب صارفین کو ان کے حق کے 10 روپئے سیدھے اور بغیر کسی تنازع کے واپس مل جائیں گے۔
اس اے آئی مشین سے نہ صرف پیسوں کی اضافی وصولی رکے گی بلکہ ماحولیات کو صاف ستھرا رکھنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔ اکثر لوگ شراب پینے کے بعد خالی بوتلیں ادھر اُدھر یا کھلے میں پھینک دیتے ہیں جس سے گندگی اور حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ اب 10 روپئے ملنے کی لالچ میں لوگ خالی بوتل کو سنبھال کر رکھیں گے اور اسے مشین میں ہی واپس ڈالیں گے۔ اس سے بوتلوں کی ریسائیکلنگ بھی آسان ہوجائے گی۔ فی الحال کئی مقامات پر اس سسٹم کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ تجربہ پوری طرح کامیاب رہتا ہے تو آنے والے وقت میں ریاست کی تمام ٹاسمیک دکانوں پر ایسی ہی اے آئی مشینیں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
