’گئو رکشا‘ کو لے کر یوگی حکومت کی ہو رہی مٹی پلید، لاپروائی پر ڈی ایم سمیت 5 اَفسر معطل

یوگی حکومت کا ’گئو رکشا‘ سے متعلق دعویٰ کھوکھلا ثابت ہونے کے بعد اب بی جے پی حکومت اپنا چہرہ بچانے کی کوشش میں لگ گئی ہے۔ سی ایم یوگی نے لاپروائی کے الزام میں ڈی ایم سمیت 5 افسروں کو معطل کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں گئو رکشا کے معاملے میں بڑی لاپروائی سامنے آنے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز مہاراج گنج کے ضلع مجسٹریٹ سمیت پانچ افسروں کو معطل کر دیا۔ ضلع میں گایوں کے تحفظ اور ان کے فروغ میں لاپروائی سامنے آنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے حکم صادر کیا اور پھر چیف سکریٹری آر کے تیواری نے مہاراج گنج کے ضلع مجسٹریٹ امرناتھ اپادھیائے، ایس ڈی ایم دیویندر کمار اور ستیم مشرا، افسر برائے مویشی راجیو اپادھیائے اور موریہ کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔ ان سبھی کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی مہاراج گنج ضلع کے مدھو بلیا گئو سدن میں گئو ونش کے رکھ رکھاؤ میں بے ضابطگی کی خبر ملنے کے بعد کی گئی ہے۔ ریاست کے چیف سکریٹری کے مطابق جانچ میں وہاں 2500 گئو نسل کی جگہ صرف 900 پائے گئے۔ تعداد کم ہونے کے باوجود چارہ یا دیگر خرچ میں کوئی کمی نہیں تھی۔ اتنا ہی نہیں، محکمہ مویشی پروری کی 500 ایکڑ زمین میں سے 380 ایکڑ زمین غیر قانونی ڈھنگ سے ایک فرد کو لیز پر دے دی گئی۔ اس کی نہ کسی سے اجازت لی گئی اور نہ ہی کوئی قانونی عمل اختیار کیا گیا۔ یہ بھی ایک سنگین مالی بے ضابطگی کے درجے میں آتا ہے۔


خاص بات یہ ہے کہ یہ حالت صرف مہاراج گنج کی نہیں ہے۔ پوری ریاست میں گئو رکشا کو لے کر افسروں کا رویہ کم و بیش ایسا ہی ہے۔ افسروں کی بے حسی اور لاپروائی کی وجہ سے یوگی حکومت میں گایوں کے مرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں بدایوں کے سکراری گئوشالہ میں چارہ کھانے کے محض دو گھنٹے کے اندر 22 گایوں نے دم توڑ دیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گایوں کے تحفظ کے لیے جارحانہ رخ ظاہر کرنے والی بی جے پی نے اتر پردیش میں حکومت سنبھالنے کے بعد مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ریاست میں گایوں کو لے کر بڑے بڑے دعوے کرتے رہے ہیں اور اس سال کے بجٹ میں ان کی حکومت نے گایوں کی دیکھ ریکھ کے لیے 600 کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ بھی الاٹ کیا تھا۔ اس کے تحت گایوں کے چارے کے ساتھ ہی ریاست بھر میں گئو شالوں کی تعمیر کرائی جانی ہے۔ ان سب کے باوجود کوئی خاص نتیجہ نکلتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے جس کی وجہ سے حکومت کی کافی بدنامی ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Oct 2019, 9:10 PM