یوگی حکومت فیض آباد میں گوشت اور شراب فروخت کرنے پر لگائے گی پابندی!

فیض آباد کا نام بدل کر جب سے ایودھیا کیا گیا ہے تب سے سَنتوں نے اس پورے ضلع میں شراب اور گوشت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ یوگی حکومت سے کیا گیاہے۔ یوگی حکومت اس مطالبہ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت نے فیض آباد ضلع کا نام بدل کر ایودھیا تو کر ہی دیا ہے، اب یہاں گوشت اور شراب پر بھی پوری طرح سے پابندی عائد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ حالانکہ فیض آباد کے شہر ایودھیا میں پہلے سے ہی گوشت اور شراب پر پابندی عائد ہے لیکن جب فیض آباد ضلع کا نام بدل کر ایودھیا کر دیا گیا ہے تو سَنتوں نے یوگی حکومت سے یہ مطالبہ شروع کر دیا کہ چونکہ ایودھیا رام کی نگری ہے اس لیے پورے ایودھیا میں گوشت اور شراب کو ممنوع قرار دیا جانا چاہیے۔

سَنتوں کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے اس سلسلے میں قانونی رائے مانگی ہے کہ پورے ایودھیا ضلع میں گوشت اور شراب پر پابندی کس طرح عائد کی جا سکتی ہے۔ اتر پردیش حکومت کے ترجمان شری کانت شرما نے اس تعلق سے میڈیا کو بتایا کہ ’’سَنتوں کا مطالبہ ہے کہ پورے ضلع میں شراب اور گوشت پر پابندی لگائی جائے۔ حکومت نے اس سلسلے میں محکمہ قانون سے رائے مانگی ہے اور اس کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سَنتوں کا کہنا ہے کہ ضلع میں شراب اور گوشت فروخت کیے جانے سے بھگوان رام کی بے عزتی ہوگی جو ناقابل برداشت ہے۔ رام جنم بھومی کے پجاری سوامی ستیندر داس کی قیادت میں سنتوں نے ریاستی حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ گوشت اور شراب سے تشدد کے ساتھ ساتھ آلودگی کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے جو کہ رام نگری میں ٹھیک نہیں ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس پر پوری طرح پابندی عائد کی جائے۔

وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) بھی سَنتوں کے ذریعہ کیے گئے اس مطالبہ کی حمایت میں کھڑی ہو گئی ہے۔ ایودھیا میں وی ایچ پی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ایودھیا میں شراب اور گوشت فروخت کیے جانے پر پابندی کا منصوبہ بہت اچھا ہے اور اس کا استقبال کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس مذہبی علاقے میں شراب اور گوشت کی فروخت سے سَنتوں کو کافی پریشانی ہوتی ہے اور اس مسئلہ کا حل نکالا ہی جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔