یوگی حکومت عصمت دری کا ہَب بن چکی ہے: اجے کمار للو

یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو کا کہنا ہے کہ "بیٹی بچاؤ-بیٹی پڑھاو' کا نعرہ دے کر حکومت بنانے والے یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں خواتین اور بچیاں سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔"

اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس صدر اجے کمار للو نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عصمت دری کا ہب بن چکی ہے۔ 'بیٹی بچاؤ-بیٹی پڑھاو' کا نعرہ دے کر حکومت بنانے والے یوگی حکومت میں خواتین اور بچیاں سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔

اجے کمار للو نے منگل کو جونپور میں پارٹی دفتر پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں غنڈہ راج قائم ہے۔ بہن بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں۔ وہ لچر انتظامیہ، نظم ونسق اور حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے چلتے قتل اور عصمت دری کے واقعات سے پورا صوبہ کراہ رہا ہے۔غنڈے اور مجرم کھلے عام جرائم کو انجام دے رہے ہیں۔ حکومت ان پر قدغن لگائے جانے کے بجائے اپوزیشن کی آواز کو کچلنے پر آمادہ ہے۔ اور متاثر کو ہی خاطی ٹھہرا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اپنے شباب پر ہے۔ کورونا بحران کے چلتے جب لاکھوں لوگوں نے اپنی نوکری گنوا دی ہے، کاروبار بند ہوگئے ہوں۔ لوگوں کی آمدنی کم ہوگئی ہو ایسے میں 40 سے45 روپئے کلو آلو اور 90 تا 100روپئے فی کلو پیاز خریدنے میں عوام مجبور ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔


اجے کمار للو نے کہا کہ کسان سب سے مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ گنا کسانوں کا کروڑ روپئے بقایہ ہیں۔ پرائی کا نیا سیشن شروع ہونے جا رہا ہے حکومت کسانو ں کے بقایاجات کی ادائیگی میں ناہل ثابت ہو رہی ہے۔ کسانوں کو اپنی کھیت کی سنچائی کے لئے لگے پمپنگ سیٹ کا پہلے کے مقابلے تین گنا زیادہ بجلی کا بل ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری طرف کسانوں کی تیار فصل دھان حکومت طے کی گئی کم از کم سہارا قیمت پر خرید نہیں ہو پا رہی ہے اور کسان مجبوراً 1886 روپئے کلو کے مقابلے 1100-1200 روپئے پر اپنی فصل فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ یوگی حکومت کسانوں کے اس مسئلے کا حل کرنے کے بجائے فرقہ واریت اور ذات واد کے گھناونے زہر کو پھلا کر انتخاب جیتنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمنی الیکشن میں کانگریس کے جیتنے سے عوام کی آواز مضبوط بن کے ابھرے گی اور نااہل حکومت پر ایک اخلاقی دباؤ بنے گا۔ واحد کانگریس پارٹی ہی عوام کے مسائل کے سلسلے میں جدوجہد کر رہی ہے، کانگریس کی یہ لڑائی کسانوں، مزدوروں کے مسائل کے حل ہونے تک جاری رہے گی۔ ریاستی صدر اجے کمار للو نے جونپور کے ملہنی اسمبلی حلقے کے پارٹی امیدوار راکیش مشرمنگل گرو کی حمایت میں رام دیال گنج میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔