کرناٹک میں تین نائب وزرائے اعلی! آسان نہیں یدی یورپا کی راہ

بی جے پی کرناٹک میں نوجوان قیادت کو فروغ دینے کے حق میں ہے اور اس کا مستقبل میں یدی ورپا کو انتخابی سیاست سے دور رکھنے کا پلان ہے ۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک میں وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا کی قیادت والی حکومت میں تین نائب وزیر بنائے گئے ہیں جو کرناٹک میں ایک مرتبہ پھر غیر یقینی سیاسی صورتحال کی جانب اشارہ کرتا ہے ۔ وزیر اعلی یدی یو رپا نے کل اپنے سترہ وزیروں کے قلمدان بھی تقسیم کر دئے اور اس اعلان کے بعد کچھ حلقوں سے ناراضگی سامنے آئی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کرناٹک میں تین نائب وزیر اعلی بنائے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایچ ڈی کمار سوا می کی قیادت والی جنتا دل (ایس) - کانگریس مخلوط حکومت اقلیت میں آنے سے گر گئی تھی ۔ اس کے بعد کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے حکومت تشکیل دی تھی۔

نائب وزیر اعلی بنائے جانے والوں میں گووند کرجول، اشوتھ نارائن اور لکشمن سوادی شامل ہیں اور ان تینوں کا تعلق ریاست کی تین بڑی ذاتوں لنگایت، ووکالیگا اور دلت سے ہے ۔ تین نائب وزیر اعلی بنائے جانے کا مقصد جہاں سب کو خوش کرنا ہے وہیں آنے والے انتخابات کو بھی ذہن میں رکھا گیا ہے ۔ کرجول کو پی ڈبلو دی اور سماجی انصاف کے قلمدان دئے ہیں، نارائن کو اعلی تعلیم اور آئی ٹی جبکہ لکشمن سوادی کو ٹرانسپورٹ کی وزارت دی گئی ہے ۔سوادی ابھی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں او ر ان کو وزیر اور نائب وزیر علی بنائے جانے پر بی جے پی کے ارکان میں ناراضگی ہے ۔


یدی یورپا کی وزارت سے ایک بات تو صاف ہے کہ بی جے پی نے ان کو کھلی چھوٹ نہیں دی ہے اور بی جے پی نے اگلے انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے نئی قیادت تیار کرنے کی جانب قدم اٹھایا ہے ۔ بی جے پی کرناٹک میں نوجوان قیادت کو فروغ دینے کے حق میں ہے اور اس کا مستقبل میں یدی ورپا کو انتخابی سیاست سے دور رکھنے کا پلان ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Aug 2019, 9:10 AM