خواتین ریزرویشن: اپوزیشن کے خلاف مظاہرہ کر رہے مہاراشٹر کے وزیر پر سرعام برس پڑی خاتون، کہا ’یہاں سے باہر نکل جاؤ‘
ناراض خاتون کو وزیر گریش مہاجن نے جب سمجھانے کی کوشش کی تو وہ ان پر مزید ناراض ہو گئی اور تلخ انداز میں کہا کہ ’’سمجھ میں نہیں آتا کیا؟ آپ کو کیا ہو گیا ہے؟ سینکڑوں لوگ انتظار کر رہے ہیں۔‘‘

ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں منگل کے روز مہاراشٹر کے وزیر گریش مہاجن کو خواتین ریزروشن کے حوالے سے منعقد بی جے پی کے مظاہرے کے دوران ایک خاتون کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل ممبئی کے ورلی میں بی جے پی کے مظاہرے کی وجہ سے روڈ پر شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا، جس سے سینکڑوں لوگ پریشان ہو رہے تھے۔ یہ حالت دیکھ کر ایک خاتون نے وزیر کو موقع پر ہی گھیر لیا اور جم کر کھری کھوٹی سنائی۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب گریش مہاجن ریلی کے دوران میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
یہ مظاہرہ لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل پاس نہ ہونے پر اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔ مظاہرہ کے دوران ایک ناراض خاتون وزیر کے پاس پہنچی اور روڈ جام کرنے، نیز عام لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں کو لے کر ان پر ناراض گئی۔ خاتون نے انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں سے نکل جاؤ، آپ ٹریفک جام کررہے ہو۔‘‘ خاتون نے سوال کیا کہ ریلی پاس کے کسی میدان میں کیوں نہیں کی گئی جس سے ٹریفک میں رخنہ نہیں پڑتا اور عوام پریشان نہیں ہوتے؟ اس پر وزیر گریش مہاجن نے خاتون کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ مزید ناراض ہو گئی اور تلخ انداز میں کہا کہ ’’سمجھ میں نہیں آتا کیا؟ آپ کو کیا ہو گیا ہے؟ سینکڑوں لوگ انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ایک پولیس افسر نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی تو خاتون اس پر بھی ناراضگی ہو گئی اور کسی سے بھی بات کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ پورا واقعہ کیمرے میں قید ہو گیا جو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا ہے اور بی جے پی کے احتجاج کی پالیسی پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔
دوسری طرف مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ خواتین کے ریزرویشن پر بی جے پی کی مہم اس کی حقیقت اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر سیاسی فائدے کے لیے خواتین کو گمراہ کرنے اور اس معاملے کو استعمال کر کے جھوٹا بیانیہ گڑھنے کا الزام لگایا۔ سپکال نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد پہلے ہی ریزرویشن کے نام پر آئین اور انتخابی عمل تبدیل کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام کر چکا ہے اور اب بی جے پی اس معاملے کو پھر سے زندہ کرنے کے لیے ریلیوں اور مظاہرے کا سہارا لے رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔