یوم خواتین پر بہترین کام کرنے والی خواتین کو اعزاز سے سرفراز کیا جائے گا: منگل پانـڈے

بہار کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پٹنہ کے علاوہ دیگر تمام اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ ان خواتین ویکسی نیٹر کو اعزاز دیں گے جنہوں نے بہترین کام کیا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکہ لگایا ہے۔

منگل پانڈے، بہار
منگل پانڈے، بہار
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے نے آج کہا کہ ریاست کی ٹیکہ کرنے والی خواتین جنہوں نے بہترین کام کیا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکہ لگایا ہے انہیں عالمی یوم خواتین کے موقع پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔ منگل پانڈے نے پیر کے روز کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو ریاست میں جشن ٹیکہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ تقریب ریاستی اور ضلعی سطح پر منعقد کی جائے گی۔ ریاستی سطح پر، صحت کمیٹی کے ذریعہ نامزد کردہ ہر ضلع سے تین خواتین ہیلتھ ورکرز کو پٹنہ میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس میں ایک خاتون میڈیکل آفیسر، ایک نرسنگ اسٹاف اور ایک آشا شامل ہوں گی۔

وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پٹنہ کے علاوہ دیگر تمام اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ ان خواتین ویکسی نیٹر کو اعزاز دیں گے جنہوں نے بہترین کام کیا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکہ لگایا ہے۔ کورونا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے 16 جنوری 2021 سے ویکسینیشن کا کام کیا جا رہا ہے۔ خواتین ہیلتھ ورکرز نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں، ریاست نے 12 کروڑ کے حفاظتی ٹیکوں کے اعداد و شمار کو عبور کیا ہے۔


منگل پانڈے نے کہا کہ ریاستی سطح پر اعزاز حاصل کرنے والی خواتین شرکاء کے لیے رہائش، کھانے اور سفر کا انتظام بھی پٹنہ میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ اور سول سرجن کو اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ منتخب خواتین ویکسی نیٹرز کے کام کی تفصیلی وضاحت بھی رکھی جائے گی تاکہ عوام کو ویکسینیشن میں خواتین ویکسی نیٹرز کے تعاون سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کورونا کے دوران محکمہ کی خواتین ہیلتھ ورکرز نے بڑی سرگرمی اور حوصلے کے ساتھ کام کیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم یوم خواتین کے موقع پر ان کے کام کو سراہیں اور ان کی قدر کریں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔