خاتون کو اغوا کرکے اجتماعی عصمت دری کرنے والے پانچ ملزمین گرفتار 

خواتین کے خلاف جرائم رکنے تو بہت دور کی بات ہے کم ہونے کا بھی نام نہیں لے رہے ۔ پولس نے پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے ایک خاتون کو اغوا کر کے اس کے ساتھ منہ کالا کیا۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

اجتماعی عصمت دری کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو پولس نے ان پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے 30 سالہ ایک خاتون کو گڑگاؤں کے سہارا مال کے باہر سے اغوا کیا اور اس کو جنوبی دہلی کے وسنت کنج علاقہ کے گیسٹ ہاؤس میں لے گئے جہاں انہوں نے اس کی عصمت لوٹی ۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ پیر کو پیش آیا تھا۔

اطلاع کے مطابق یہ خاتون ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتی ہے اور پیر کی شب کو 11 بجے مال کے باہر آٹو کا انتظار کر رہی تھی۔ اس وقت ان لوگوں نے اس کو گھر چھوڑنے کی پیش کش کی۔جب خاتون نے ان کی پیش کش ٹھکرا دی تو انہوں نے اس کو کار کے اندر گھسیٹ لیا اور اس کو گیسٹ ہاؤس لے گئے جہاں انہوں نے اس کے ساتھ منہ کالا کیا۔ عصمت دری کے بعد ان لوگوں نے اس کو گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں بند کر کے کمرے کو باہر سے بند کر دیا ۔ خاتون چیخنے لگی اور اس کی چیخ کی آواز گیسٹ ہاؤس میں کھاناپکانے والے باورچی کے کانوں تک پہنچی ۔ اس نے دروازہ کھول کر اس کو باہر نکالا لیکن ان ملزمین میں سے ایک نے اس خاتوں کو بھاگنے سے روکنے کی کوشش کی۔ خاتون کو اس موقع پر وہاں رکھی ایک لوہے کی راڈ ہاتھ لگ گئی جس سے اس نے اس ملزم کو مارا ۔ اس طرح وہ گیسٹ ہاؤس سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئی اور باہر نکل کر اس نے اپنے دوست کو فون کیا اور پھر وہ شام 4.30 بجے وسنت کنج پولس اسٹیشن گئے ۔

پولس نے اغوا اور عصمت دری کی ایف آئی آر درج کی اور پھر اس کے فوراً بعد پانچوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ ملزمین کے نام تجویر سنگھ، گوپال پرساد، روپ دیو، انشل اور رام بابو ہیں اور سب کا تعلق ہریانہ سے ہے اوروہ راجدھانی دہلی میں کام کرنے کے لئے آتے رہتے ہیں ۔ ان ملزمین میں سے دو بڑی کیب فرم کے ڈرائیور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔