ڈاکٹر کی اپائنٹمنٹ کے نام پر ٹھگی، اندور میں خاتون کو لگایا ایک لاکھ روپے کا چونا
اندور میں ڈاکٹر کی اپائنٹمنٹ دلانے کے نام پر خاتون سے ایک لاکھ روپے کی سائبر ٹھگی ہوئی، جو پولیس نے واپس دلائے۔ کارروائی میں بین ریاستی فراڈ نیٹ ورک اور فرضی بینک اکاؤنٹس کا بھی انکشاف ہوا

نئی دہلی: مدھیہ پردیش میں سائبر جرائم کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور سائبر ٹھگ لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لیے نت نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔ اندور میں ایک خاتون کو اسپتال میں ڈاکٹر کی اپائنٹمنٹ دلانے کے نام پر ایک لاکھ روپے کا چونا لگایا گیا۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی اور عدالتی حکم کے بعد خاتون کو ٹھگی کی پوری رقم واپس دلانے میں کامیابی ملی۔
سرکاری معلومات کے مطابق، اندور کی رہائشی ایک خاتون نے سی ایچ ایل اسپتال میں ڈاکٹر کی اپائنٹمنٹ لینے کے لیے گوگل پر رابطہ نمبر تلاش کیا تھا۔ اس نمبر پر فون کرنے والے ایک نامعلوم شخص نے خود کو اسپتال سے وابستہ بتا کر خاتون کا اعتماد حاصل کرلیا۔ اس کے بعد اپائنٹمنٹ بک کرنے کے نام پر انہیں ایک فرضی لنک بھیجا گیا۔ خاتون نے لنک پر کلک کرکے بتائے گئے طریقہ کار پر عمل کیا تو سائبر ٹھگ نے ان کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے آن لائن نکال لیے۔
خاتون کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل (این سی آر پی) پر شکایت درج کرانے کے بعد کرائم برانچ اندور کی سائبر فراڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی شروع کی۔ پولیس کی کوششوں اور عدالت کے حکم کے نتیجے میں خاتون کو ٹھگی کی پوری رقم واپس دلادی گئی۔
پولیس کے مطابق، آپریشن میٹرکس کے تحت سائبر جرائم اور آن لائن مالیاتی دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والے فرضی یا دوسروں کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتوں (میول اکاؤنٹس) کی نشاندہی کرکے ان کے نیٹ ورک کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
اسی سلسلے میں کرائم برانچ نے فیڈرل بینک کے ایک مشتبہ اکاؤنٹ کی جانچ کے دوران بین ریاستی سائبر ٹھگی کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔ تفتیش میں معلوم ہوا کہ اندور کے رہائشی انشو نے محض 10 ہزار روپے کے لالچ میں اپنا بینک اکاؤنٹ رتلام کے رہائشی پپو عرف پنکج مینا کے حوالے کردیا تھا۔ مرکزی ملزم اسی طرح دوسرے لوگوں کو بھی 10 ہزار روپے دینے کا لالچ دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس حاصل کرتا اور ان کا استعمال سائبر فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم کی منتقلی کے لیے کرتا تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ مذکورہ بینک اکاؤنٹ کے خلاف تمل ناڈو کے کلّاکوریچی اور تلنگانہ کے ملکاجگیری سائبر کرائم پولیس اسٹیشنوں میں بھی دھوکہ دہی کی شکایات درج تھیں۔ پولیس نے اکاؤنٹ ہولڈر اور اسے اصل میں چلانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
دوسری جانب، تھانہ لسوڑیا پولیس نے ایک اور کارروائی میں کسی دوسرے شخص کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹ کو آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم پر استعمال کیے جانے کا معاملہ بے نقاب کیا۔ پولیس نے مندسور کے ایک رہائشی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بینک آف انڈیا کے کرنٹ اکاؤنٹ کی چیک بک اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کیے۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ اکاؤنٹ کسی دوسرے شخص کے نام پر تھا، لیکن اسے ملزم خود چلا رہا تھا اور آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم پر استعمال کے لیے فراہم کیا جارہا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں بھی بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے بینک اکاؤنٹ کے استعمال، آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم سے اس کے تعلق اور مالی لین دین کی تفصیلی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
