ہاکی کھلاڑی شاہد کی اہلیہ کا ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان

ان کا کہنا ہے کہ مودی کے وارانسی دوروں کے دوران ان سے ملنے کی کئی مرتبہ کوشش کی لیکن ضلع انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وارانسی: بین الاقوامی ہاکی کھلاڑی، پدم اور ارجن ایوارڈز سے سرفراز مرحوم محمد شاہد کی اہلیہ پروین، نے مرکز اور ریاستی حکومت پر وعدہ خلافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنے خاوند کو ملے ایوارڈز اور تمغوں کو وزیراعظم نریندر مودی سے مل کر واپس کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

پروین نے منگل کو یو این آئی کو بتایا کہ وہ 21 جولائی کو دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کریں گی اور ان سے اگر ملاقات ہوتی ہے تو وہ اپنے خاوند کو ملے تما م سرکاری ایوارڈز اور تمغے لوٹا دیں گی۔

ان کا الزام ہے کہ 20 جولائی 2016 کو ان کے خاوند کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ اس کے بعد سرکارکی جانب سے ان کے خاندان کے ساتھ تعزیت کرنے آئے لوگوں نے کئی وعدہ کئے لیکن ایک وعدہ پر بھی عمل نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی کے وارانسی دوروں کے دوران انہوں نے ان سے ملنے کی کئی مرتبہ کوشش کی لیکن ضلع انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس وجہ سے انہوں نے اب دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے خاوند وارانسی کے ڈیزل انجن ریل کارخانہ میں ملازم تھے۔ ان کی مو ت کے بعد تعزیت کے لئے آئے وزیروں اور افسران نے ڈیریکا اسٹیڈیم کا نام شاہد کے نام پر رکھے جانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن ڈیریکا انتظامیہ کی جانب سے آج تک اس پر کوئی پہل نہیں کی گئی۔ ہاں کچھ دنوں تک ان کے نام کو ایک بورڈ اسٹیڈیم پر ضرور لٹکایا گیا تھا جسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مرکزی کھیل اور نوجوان امور کے ریاستی وزیر وجے گوئل اور ریاست کے وزیر کھیل رام سکل گوجر نے محمد شاہد کی یاد میں قومی مقابلے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ہاکی کھلاڑی دھن راج پلئے اور ظفر اقبال نے بھی وارانسی میں ایک ہاکی اکیڈمی اور ضلع لیگ شروع کروانے کے وعدے کئے تھے۔

واضح رہے کہ شاہد 1980 میں ماسکو اولمپک کھیلوں میں طلائی، 1982 میں ایشیائی کھیلوں میں چاندی، اور 1986 میں سلور تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والی ہندستانی ہاکی ٹیم کے اہم رکن تھے۔

محمد شاہد کو کھیلوں میں خاطر خواہ تعاون کے لئے اس وقت کی مرکزی سرکار کی جانب سے ارجن، اور پدم شری ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ اترپردیش حکومت نے انہیں یش بھارتی ایوارڈ اور پوروانچل رتن سمیت دیگر ایوارڈ سے نوازا تھا۔

انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تقریباً 100 سے زائد میڈل حاصل کرنے کا فخر حاصل تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jul 2018, 2:21 PM