پارلیمنٹ کے احاطے میں بندروں کو بھگانے کے لیے ’لنگور‘ کی آواز نکالنے والے اسلم خان کون ہیں؟ آئیے جانتے ہیں

پارلیمنٹ کے احاطے میں خصوصی ملازم کے طور پر اسلم خان کی تقرری ’انسانی لنگور‘ کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اپنے اس انوکھے انداز سے بندروں کو ڈرا کر بھگانے کا کام کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>اسلم خان (ویڈیو گریب)</p></div>
i

پارلیمنٹ کے احاطے میں بندر اکثر اچھل کود کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ بندروں کو دور بھگانے کے لیے پارلیمنٹ کے احاطے میں اسلم خان اپنے منہ سے لنگور کی آواز نکالنے کا کام کرتے ہیں۔ اس کے لیے وہ پارلیمنٹ کے احاطے میں گھوم گھوم کر لنگور کی آواز نکالتے ہیں اور بندر کو بھگاتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں خصوصی ملازم کے طور پر اسلم خان کی تقرری ’انسانی لنگور‘ کے طور پر کی گئی ہے۔ اسلم خان اپنے اس انوکھے انداز سے بندروں کو ڈرا کر بھگانے کا کام کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے احاطہ میں آنے والے لوگوں اور پودوں کی حفاظت کرنے کے لیے اسلم خان یہ کام کرتے ہیں۔

لنگور کی آواز نکالنے والے اسلم خان نے ’آج تک‘ سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ احاطے کے قریب تقریباً 500 سے 1000 بندر ہوں گے، جن کی آواز نکال کر ہم انہیں بھگانے کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بندر لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پیڑ-پودوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں، اس وجہ سے انہیں دور بھگانے کے لیے لنگور جیسی آواز نکالی جاتی ہے۔


واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں تباہی مچانے والے بندروں کو بھگانے کے لیے 4 لوگوں کو مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے ایک اسلم خان ہیں۔ اسلم خان لنگور کی آواز نکال کر اور دیگر اقدامات کے ذریعہ بندروں کو بھگانے کا کام کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ سیکورٹی سروس کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ایسا پایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بندروں کی اکثر موجودگی دیکھی گئی ہے۔ اس میں ان رپورٹس کا ذکر ہے، جن کے اندر پارلیمنٹ کی دیکھ بھال کرنے والے کچھ ملازمین کے ذریعہ کھانے پینے کی بچی ہوئی اشیاء کو کوڑے دان یا کھلے میں پھینکا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے بندر، بلیاں اور چوہے وہاں چلے آتے ہیں۔

پارلیمنٹ میں بندروں کو بھگانے کے لیے مقرر کیے گئے اسلم خان نے بتایا کہ پہلے بندروں کو بھگانے کے لیے لنگور کو رکھا جاتا تھا، لیکن اب اس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں بندروں کو بھگانے کے لیے کنٹریکٹ پر رکھا گیا ہے۔ ہم پارلیمنٹ میں لنگور کی آواز نکال کر اور دوسرے طریقوں سے بندروں کو بھگانے کا کام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ کے احاطے میں بندروں کو بھگانے کے لیے 2 طرح کے ملازمین کو رکھا گیا ہے، جس میں ایک زمرہ ہنرمند اور دوسرا غیر ہنرمند ملازمین کا ہے۔