ہریانہ: پوسٹ میٹرک اسکالرشپ گھوٹالہ کا پردہ فاش کرنے والے آئی اے ایس افسر کا تبادلہ

سنجیو ورما نے اسکالرشپ گھوٹالہ سے پردہ اٹھانے کے بعد اس میں ملوث چار افسران کو معطل کر دیا تھا، لیکن اب ان کا ٹرانسفر محکمہ فلاح برائے درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ سے دوسری جگہ کر دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی حکمراں ریاست ہریانہ میں آئی اے ایس افسر سنجیو ورما کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ ہریانہ میں کروڑوں روپے کے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ گھوٹالے سے پردہ اٹھانے والے اس آئی اے ایس افسر کے تبادلے کے بعد کئی لوگوں نے اسے سیاست سے متاثر بتایا ہے۔ محکمہ فلاح برائے درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ کے ڈائریکٹر اور خصوصی سکریٹری سنجیو ورما کو اس محکمہ سے تبادلہ کرنے کا حکم نامہ جمعرات کی شب جاری ہوا۔

جاری حکم نامہ کے مطابق پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (عمارت اور سڑکیں) کی خصوصی سکریٹری آئی اے ایس افسر گیتا بھارتی اب محکمہ فلاح برائے درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ کی ڈائریکٹر اور خصوصی سکریٹری ہوں گی۔ قابل غور ہے کہ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے گزشتہ مہینے کروڑوں روپے کے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ گھوٹالے کی وجلنس جانچ کا حکم دیا تھا۔


واضح رہے کہ اسکالرشپ گھوٹالہ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ کے طلبا سے جڑی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی رقم فائدہ کنندگان کے آدھار نمبر میں تبدیلی کر فرضی آدھار نمبر والے اکاؤنٹ میں بھیجی گئی۔ درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ محکمہ کے ڈائریکٹر اور خصوصی سکریٹری کے طور پر سنجیو ورما نے چار افسران کو اس گھوٹالہ سے پردہ اٹھانے کے بعد معطل کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2019, 10:10 AM