جب تمل ناڈو ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مودی حکومت اسے پیچھے دھکیلنے کی کوشش کر رہی: ملکارجن کھڑگے

تمل ناڈو میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’تمل ناڈو کو ٹیکس محصولات میں اس کے حصے سے کم رقم دی جا رہی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تمل ناڈو میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران کانگریس صدر کھڑگے و دیگر لیڈران، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/kharge">@kharge</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے تمل ناڈو کے ویلاچیری میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت نے پارلیمنٹ میں ایک ’خطرناک کھیل‘ کھیلنے کی کوشش کی، جس کے تحت خواتین کے ریزرویشن کو 2011 کی مردم شماری پر مبنی حد بندی (ڈیلمیٹیشن) سے جوڑنے کا راستہ نکالا گیا۔ حالانکہ اس کوشش کو ناکام کر دیا گیا۔

کھڑگے نے کہا کہ اس قدم کے ذریعے تمل ناڈو جیسی ریاستوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کو کم کرنے کی سازش کی جا رہی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی نے دہلی میں اس معاملے پر آواز بلند کی اور تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ آ کر اس بل کی مخالفت میں کھڑی ہوئیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ مودی حکومت کی اس سازش کو ناکام بنایا جا سکا۔ انھوں نے اسے ایک بڑی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ صرف سیاسی کامیابی نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری کے لیے انصاف اور وفاقی نظام کی جیت ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد نے یہ ثابت کر دیا کہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔


مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ جب تمل ناڈو ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تب بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت اسے پیچھے دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا جا رہا ہے، حالانکہ ریاست معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ایک طرف تمل ناڈو کو ٹیکس محصولات میں اس کے حصے سے کم رقم دی جا رہی ہے، دوسری طرف ’سمگر شکشا ابھیان‘ کے تحت ملنے والی فنڈنگ مرکزی پالیسیوں کی مخالفت کی وجہ سے روکی جا رہی ہے۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ سیلاب اور طوفان جیسی قدرتی آفات کے دوران بھی مرکز کا ردعمل مایوس کن رہا اور ریاستی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گورنر کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ وہ غیر جانبدار رہنے کے بجائے منتخب ریاستی حکومت کے کام کاج میں مداخلت کر رہے ہیں، جس سے جمہوری نظام متاثر ہو رہا ہے۔ کھڑگے نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ تمل ناڈو کے عوام اس ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے اور آنے والے انتخاب میں اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔