کیا پاکستانیوں نے اپنے ہی پائلٹ کو ہندوستانی سمجھ موب لنچنگ کر ڈالی!

لندن میں مقیم ایک پاکستانی صحافی کے مطابق پاکستانی پائلٹ شہازالدین پیراشوٹ سے بحفاظت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں اتر چکا تھا لیکن وہاں مقامی لوگوں کی بھیڑ نے ہندوستانی پائلٹ سمجھ کر اس کی پٹائی کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے ائیر اسٹرائیک کے بعد پاکستان کے جنگی طیارے نے ہندوستان میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔ اس گستاخی کا ہندوستانی فضائیہ نے منھ توڑ جواب دیتے ہوئے اسے اس کی زمین تک دھکیل دیا تھا اور اس کے ایک طیارہ کو مار گرایا تھا۔ اس دوران کیا پاکستانی بھیڑ نے اپنے ہی جوان کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا! دراصل لندن میں مقیم ایک پاکستانی وکیل خالد عمر نے ایک فیس بک پوسٹ میں یہ سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ پاکستانیوں نے اپنی ہی پائلٹ کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا ہے۔

دراصل ایف-16 فائٹر جیٹ کریش ہونے کے بعد پائلٹ شہاز الدین پیراشوٹ کے ذریعہ باہر نکل گئے تھے۔ پیراشوٹ کے ذریعہ وہ پاکستان مقبوضہ کشمیر نوشہرہ سیکٹر میں پہنچ گئے۔ لیکن جیسے ہی وہ اپنی سرزمین پر اترے، وہاں موجود لوگوں نے انھیں ہندوستانی پائلٹ سمجھ لیا۔ اس کے بعد پاکستانی بھیڑ نے انھیں پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کر دیا۔ شہازالدین کو زبردست چوٹیں آئیں۔ جب لوگوں کو پتہ چلا کہ شہازالدین تو پاکستانی ہی ہے، تو پھر اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ وہ ریٹائرڈ ائیر مارشل کا بیٹا تھا۔

شہازالدین کی موت کی خبر کا انکشاف لندن کے ایک وکیل خالد عمر نے کیا۔ ان کے پوسٹ کے مطابق اپنے ایک قریبی سے انھیں ایف-16 طیارہ کے تباہ ہونے کی جانکاری ملی تھی۔ خالد عمر کے سوشل میڈیا پیج کے مطابق ایف-16 طیارہ تباہ ہونے کے بعد پاکستانی ونگ کمانڈر پیراشوٹ کے ذریعہ محفوظ طریقے سے پاک مقبوضہ کشمیر کے جنوبی طرف لام ویلی میں اجیکٹ ہو گیا تھا۔ لیکن وہاں بھیڑ نے اسے گھیر لیا۔ لوگوں نے سمجھا کہ وہ ہندوستانی پائلٹ ہے اور جم کر پٹائی کر دی۔ خالد عمر کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی کمانڈر کو سنگین چوٹیں آئی تھیں اور یہی وجہ ہے کہ زخموں کی تاب نہ لانے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

یہ قابل غور ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ انھوں نے ہندوستانی طیارہ کو مار گرایا اور اس کے دو پائلٹ کو پکڑ لیا ہے۔ انھوں نے یہ جانکاری ٹوئٹ میں دی تھی کہ ایک پائلٹ (ابھینندن) فوج کے قبضے میں ہے اور دوسرا اسپتال میں داخل ہے۔ حالانکہ بعد میں اپنے بیان سے یو ٹرن لیتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ان کے قبضے میں ہندوستان کا ایک ہی پائلٹ ہے۔ اس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے اپنے ہی ایک پائلٹ کو ہندوستانی پائلٹ سمجھ لیا تھا، لیکن بعد میں انھیں حقیقت کا پتہ چلا اور انھوں نے اپنی غلطی سدھار لی۔

واضح رہے کہ ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے 26 فروری کو پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر تباہی مچائی تھی۔ اس سے بوکھلائے پاکستان نے اس کے اگلے دن یعنی 27 فروری کو اپنے جنگی طیارہ کو ہندوستانی حدود میں بھیج دیا تھا۔ سرحد پر محتاط ہندوستانی فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی طیاروں کو مار بھگایا۔ اس کارروائی کے دوران مگ-21 کو اڑا رہے وِنگ کمانڈر ابھینندن نے پاکستانی جنگی طیارہ ایف-16 کو مار گرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔