’کیا ٹیرف ٹیرف کر رکھا ہے!‘ سنجے دَت نے ’منا بھائی اسٹائل‘ میں امریکی صدر ٹرمپ کو بنایا تنقید کا نشانہ

منا بھائی والے اسٹائل میں سنجے دت نے کہا کہ ’’اپُن دیکھ رہا ہے کہ ٹرمپ ماموں پوری دنیا کو آؤٹ آف فریم کرنے پر لگا پڑا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے اپُن ٹرمپ ماموں سے ملنے امریکہ جائے گا۔‘‘

سنجے دت، تصویر ٹوئٹر
i

اگر سنجے دت کے سب سے یادگار و مثالی کردار کے بارے میں پوچھا جائے تو فلم ’منابھائی ایم بی بی ایس‘ کا نام ذہن میں ضرور آتا ہے۔ انہوں نے اس میں ٹپوری انداز میں لوگوں کو ہنسانے اور ان کے مسائل حل کرنے کی زبردست کوشش کی تھی۔ فلم سپرہٹ ہوئی اور ان کا کردار بھی مقبول ہو گیا۔ اس کے بعد ’منابھائی‘ سیریز کا دوسرا حصہ آیا، جس میں گاندھی گیری کے ذریعے لوگوں کو سبق دیا گیا۔

سنجے دت حال ہی میں شیکھر سمن کے شو میں بھی گئے، جہاں انہوں نے ’منابھائی‘ کے انداز میں ایک تقریر کی۔ سنجے دت سے کہا گیا کہ اگر ان کا کردار ’منابھائی‘ آج کے دور میں ہندوستان کا وزیر اعظم بنتا تو وہ ملک کے مفاد میں کیا فیصلے لیتا؟ اس پر اداکار نے بھی اسی انداز میں کئی باتیں کہیں۔ اسی دوران انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی ’منابھائی‘ کے انداز میں زبردست پیغام بھیجا۔


سنجے دت نے ’منابھائی‘ والی زبان میں کہا کہ ’’اپُن دیکھ رہا ہے کہ ٹرمپ ماموں پوری دنیا کو آؤٹ آف فریم کرنے پر لگا پڑا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے اپُن ٹرمپ ماموں سے ملنے امریکہ جائے گا۔ بولے تو ٹرمپ ماموں تھوڑا بھٹک گیا ہے نا، ہاں؟ اپُن ان کو ایک دم نرمی سے سمجھائے گا کہ ماموں سب پر حملہ وملہ نہیں کرے گا، دنیا کی واٹ نہیں لگائے گا۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’اگر تم ایک ملک پر حملہ کرے گا تو تمہارا دیکھا دیکھی دوسرا تیسرے پر حملہ کرے گا، پھر سب مل کر بولے گا، ورلڈ پیس، ورلڈ پیس، ورلڈ پیس۔ دیکھ اپُن بولتا ہے، اتنا لفڑا کرنے کے بعد پیس کہاں سے آئے گا بھائی؟ ارے پیس کوئی بلنکٹ کا آرڈر تھوڑی ہے کہ بٹن دبایا اور 10 منٹ میں گھر پر آ جائے۔ پیس بنتا ہے پیار سے اور پیار آتا ہے گاندھی گیری سے۔ بولے تو ٹرمپ ماموں کو تھوڑی گاندھی گیری سکھانا پڑے گا۔‘‘

منابھائی ٹرمپ کو ایک صلاح بھی دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’دیکھو ٹرمپ ماموں، زیادہ ٹنٹے نہیں پالنے کا۔ دنیا میں میزائل پہلے ہی بہت ہو گیا ہے۔ اب تھوڑا پیار بھی ایکسپورٹ کرنے کا۔ کہیں میزائل بھیجنے کا من کرے نا، تو پہلے سے بڑا سا گلدستہ بھیجنے کا۔ کسی کو دھمکی دینے کا من کرے نا، تو اسے فون کر کے گھر بلانے کا اور چائے پیتے پیتے بات کو سن جانے کا۔ کسی پر گولی چلانے کا من کرے نا، تو اسے گولا کھلانے کا، کالا کھٹا والا۔ اِدھر جوہو بیچ پر مست ملتا ہے۔‘‘ اسی دلچسپ انداز میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اور ٹرمپ ماموں، یہ اکھا دن کیا تو ٹیرف، ٹیرف لگا کر رکھا ہے۔ ٹیرف چھوڑ اور لوگوں کا تعریف کرنا شروع کر یار۔ تیرے کو دل میں سکون ملے گا۔ اپُن آ رہا ہے امریکہ۔ تم کو جادو کی جھپی دینے، جے ہند۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ سنجے دت کی ’منابھائی‘ فلم فرنچائز کا تیسرا حصہ ’منابھائی چلے امریکہ‘ بھی بننے والا تھا۔ اس کا اعلان ہو گیا تھا، لیکن پھر فلم نہیں بن پائی۔ اب اس پیغام سے کیا سنجے دت نے ’منابھائی 3‘ کا اشارہ دیا ہے؟ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔