مغربی بنگال: سویندو کابینہ کی پہلی میٹنگ ختم، 6 ایجنڈوں پر لگی مہر

وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’خوف آؤٹ، بھروسہ اِن‘ پیغام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت عوام کے اعتماد، سیکورٹی اور ترقی کو سب سے زیادہ ترجیح دے گی۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری میٹنگ کرتے ہوئے، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/uniindianews">@uniindianews</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

آج نابنّا میں مغربی بنگال حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری نے ریاست کی انتظامی سمت، گڈ گورننس، سرحدی سیکورٹی، مرکزی حکومت کی اسکیموں کے نفاذ اور آئینی طرز حکمرانی سے متعلق کئی بڑے فیصلوں کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مغربی بنگال میں ’گڈ گورننس، سیکورٹی اور ڈبل انجن حکومت‘ کی جو نئی شروعات ہوئی ہے، وہ ملک کی دیگر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے ترقیاتی راستے پر چلے گی۔ انہوں نے آئین ساز ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے ’فور دی پیپل، بائی دی پیپل، آف دی پیپل‘ کے نظریے پر عمل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کابینہ میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ’خوف آؤٹ، بھروسہ اِن‘ پیغام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت عوام کے اعتماد، سیکورٹی اور ترقی کو سب سے زیادہ ترجیح دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ سماجی فلاحی اسکیمیں بند نہیں کی جائیں گی، لیکن انہیں شفاف طریقے سے چلایا جائے گا۔ تاہم کسی مردہ شخص، کسی غیر ہندوستانی یا غیر قانونی شخص کو ان کا فائدہ نہیں دیا جائے گا۔ بی ایس ایف کے لیے ضروری تمام زمین فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومت غیر قانونی دراندازوں کے مفاد میں مرکزی حکومت اور عدالتوں کی ہدایات کو نظر انداز کرتی رہی۔


کابینہ میٹنگ میں طویل عرصہ بعد مغربی بنگال میں ’خوف سے پاک، خون خرابے سے پاک اور منصفانہ انتخابات‘ کے انعقاد پر ریاست کے ووٹروں، انتظامیہ اور انتخابی عمل سے وابستہ تمام افراد کو شکریہ اور مبارکباد دی گئی۔ ساتھ ہی بی جے پی کے 321 شہید کارکنوں کو گہرا خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ حکومت پوری مضبوطی سے کھڑی رہے گی اور سیاسی قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کابینہ میٹنگ میں لیے گئے اہم فیصلے

  1. آیوشمان بھارت سے مغربی بنگال کو جوڑا گیا: ریاستی حکومت نے باضابطہ طور پر آیوشمان بھارت اسکیم سے جڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمۂ صحت کے سکریٹری اور وزیر اعلیٰ دفتر کے مشیر کو مرکزی وزارت صحت کے ساتھ ضروری معاہدہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  2. مرکزی حکومت کی دیگر اسکیموں میں فعال شمولیت: پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا، پردھان منتری کسان بیمہ یوجنا، پی ایم شری، وشوکرما، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، اُجولا یوجنا سمیت مرکزی حکومت کی کئی دیگر اسکیموں میں ریاست کو فعال طور پر شامل کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹوں کو تمام درخواستیں فوری طور پر متعلقہ مرکزی وزارتوں کو بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  3. انتظامی اصلاحات: انتظامی اصلاحات کے تحت آئی اے ایس افسران کو مرکزی تربیتی نظام سے جوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  4. بھارتیہ نیائے سنہتا نافذ: مغربی بنگال کو بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے مطابق مکمل طور پر ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  5. سرکاری ملازمت کی عمر کی حد میں 5 سال کا اضافہ: نوجوان طبقہ کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے سرکاری ملازمت کے لیے درخواست دینے کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں 5 سال کا اضافہ کیا گیا ہے۔

  6. مردم شماری سے متعلق ہدایات نافذ: وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومت نے مرکزی وزارت داخلہ کی 16 جون 2025 کی مردم شماری سے متعلق ہدایات کو طویل عرصہ تک نافذ نہیں کیا۔ موجودہ حکومت نے اس انتظامی ہدایت کو فوری طور پر آج سے نافذ کر دیا ہے۔