دہلی-این سی آر میں پھر بدلا موسم کا مزاج، آندھی-بارش اور بجلی کا الرٹ جاری، کچھ مقامات پر بوندا باندی شروع

آئی ایم ڈی کے مطابق شام کے وقت دہلی میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں۔ کچھ مقامات پر بادلوں کی گڑگڑاہٹ کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوئی۔

علامتی، آسمانی بجلی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی-این سی آر خطہ میں موسم نے ایک بار پھر اچانک کروٹ لے لی ہے۔ آج صبح سے دوپہر تک گرمی کا احساس ہو رہا تھا، لیکن شام ہوتے ہوتے آسمان میں بادل نظر آنے لگے اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔ کچھ مقامات پر ہلکی بوندا باندی بھی دیکھنے کو ملی۔ آئی ایم ڈی (ہندوستانی محکمہ موسمیاتی سائنس) کے مطابق شام کے وقت دہلی میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ کچھ مقامات پر بادلوں کی گڑگڑاہٹ کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوئی۔

گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی کا درجہ حرارت 37-36 ڈگری کے آس پاس تھا، جو معمول سے 3-2 ڈگری زیادہ تھا۔ لیکن آج مغرب سے آئی ایک موسمی ہلچل کی وجہ سے ٹھنڈک میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 دنوں میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ کل، یعنی 4 اپریل کو بھی بادل آسمان پر نظر آئیں گے اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔


گریٹر نوئیڈا میں موسم کچھ زیادہ ہی خطرناک صورت اختیار کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ تیز ہوا اور بارش کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ خصوصاً دنکور علاقہ میں برف گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ موجودہ وقت کسانوں کے لیے بے حد مشکل رہا۔ گیہوں کی کٹائی کا آخری دور چل رہا تھا۔ کھیتوں میں فصل تیار کھڑی تھی، لیکن بارش اور ژالہ باری نے سب کچھ سپاٹ کر دیا۔ کئی کھیتوں میں پانی بھر گیا اور گیہوں کے دانے خراب ہو گئے۔

بہرحال، آئی ایم ڈی نے 3 اور 4 اپریل کے لیے دہلی-این سی آر میں بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ 5 اپریل کے بعد تھوڑی راحت مل سکتی ہے، لیکن آئندہ ہفتہ پھر بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یعنی کچھ دنوں تک دہلی اور این سی آر میں موسم کا مزاج روز بہ روز بدلتا ہوا دکھائی دے سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔