موسم پھر تبدیل: پہاڑوں پر بارش اور برف باری، میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز

ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی ضلع کے روہتانگ اور شنکولا پاس میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ اس کے بعد مقامی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر شنکولہ پاس کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا ہے۔

برف باری، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

شمال مغربی ہندوستان میں موسم پھر بدل گیا ہے۔ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے برف باری ہو رہی ہے جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بھی بارش شروع ہو گئی ہے۔ جس سے گرمی سے کچھ راحت ملی ہے۔ تاہم شمالی، مغربی اور مشرقی ریاستوں میں مارچ میں ہی گرمی نے پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔ ان علاقوں میں غیر معمولی طور پر مارچ کے دوسرے ہفتے میں ہی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔

وہیں دو دن بعد شمال مغرب میں فعال ہورہے مغربی طلاطم کی وجہ سے پہاڑوں اور شمالی میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور بارش کی توقع ہے جس سے شدید ہوتی گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو وادی کشمیر کے بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔ اس سے دو دن میں ہی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 ڈگری تک گر گیا ہے۔ حالانکہ رات کا درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ہے۔


پیر کو جہاں سری نگر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا وہیں بدھ کو یہ 12.5 ڈگری سیلسیس تھا، جو معمول سے 2.2 ڈگری کم تھا۔ وہیں کم از کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو معمول سے 7.2 ڈگری زیادہ ہے۔ 12 سے 15 مارچ تک بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی ضلع کے روہتانگ اور شنکولا پاس میں ہلکی برف باری ہوئی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر شنکولہ پاس کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا۔ میدانی علاقوں میں موسم صاف رہنے سے گرمی کا دور جاری ہے۔ ریاست کے 5 اضلاع( اونا، بلاس پور، ہمیر پور، سولن اور منڈی) میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درج ہوا۔


میدانی علاقوں میں مغربی راجستھان اور گجرات کے کئی مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38-42 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، مغربی اتر پردیش، مشرقی راجستھان، مشرقی اور وسطی مدھیہ پردیش، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، کرناٹک اور کیرالہ میں درجہ حرارت 35-38 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

آئی ایم ڈی کے مطابق شمالی پاکستان اور اس سے ملحقہ جموں و کشمیر کے اوپر سائیکلون ہوا برقرار ہے۔ بہار سے شمالی چھتیس گڑھ تک زیریں ٹروپوسفیئر میں کم دباؤ کا علاقہ پیدا ہو گیا ہے۔ 14 مارچ سے شمال مغرب میں ایک نئے مغربی طلاطم کے فعال ہونے کی توقع ہے۔ یہ موسمی نظام ہماچل اور اتراکھنڈ میں 17 مارچ تک بارش اور برف باری کا باعث بن سکتا ہے۔


آئی ایم ڈی کے مطابق مغربی ہمالیائی خطے میں اگلے 7 دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 4-6 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ اگلے 3 دنوں میں وسطی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 3-5 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے، اگلے 4 دنوں میں بتدریج 3-4 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ کے ساتھ۔ ساحلی مہاراشٹرا میں اگلے 5 دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2-4 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ ملک کے باقی حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔