ہمیں ماریں، دھمکائیں یا ڈرانے کی کوشش کریں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے انڈیا بلاک کے احتجاج میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے عوام ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف انڈیا بلاک کے احتجاج اور سپریم کورٹ مارچ میں شامل ہونے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے عوام ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں مارنے، دھمکانے یا ڈرانے کی کوشش کرے، لیکن وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے۔
راہل گاندھی نے پیر کی شب جاری اپنے ویڈیو پیغام میں احتجاج میں شرکت کرنے والے تمام افراد، انڈیا بلاک کے رہنماؤں، کانگریس کارکنوں اور اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان کروڑوں لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دوپہر 3 بجے اپنے اپنے طریقے سے اس تحریک کی حمایت کی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ پیر کا دن انتہائی اہم تھا، کیونکہ اس احتجاج کے ذریعے حکومت کو یہ دکھانا ضروری تھا کہ ہندوستان کے عوام خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آپ ہمیں ماریں، دھمکائیں یا ڈرانے کی کوشش کریں، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم آپ کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے۔‘‘
کانگریس رہنما نے اپنے پیغام میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ لوگ کہاں تھے، جن پر ان کے مطابق دو روز قبل نوجوان ساتھیوں کو پیٹنے کا الزام ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جب وہ اور ملک کے عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر موجود تھے تو ان کے مخالفین سامنے کیوں نہیں آئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے لوگ صرف اقتدار اور طاقت کے بل پر مقابلہ کرنا جانتے ہیں اور ان میں سامنے آکر کھڑے ہونے کی ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے بھی غنڈہ گردی کا الزام لگایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پیر کے احتجاج میں شامل تمام لوگوں نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا، جس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مختلف اور الگ الگ مظاہرے نہیں ہیں، بلکہ ایک ہی تحریک کا حصہ ہیں، جس میں تمام لوگ متحد ہوکر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئین کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو کچلنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ راہل گاندھی نے احتجاج میں شرکت کرنے والی سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں کی حمایت ان کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور وہ اس کی قدر کرتے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر راہل گاندھی نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، جو ہندوستان کی سوچ، آئین کے نظریات اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر اترے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں احتجاج میں شرکت کرنے والے تمام افراد پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سپریم کورٹ تک مارچ کیا تھا۔ اس دوران پولیس نے بھگوان داس روڈ پر بیریکیڈنگ کرکے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اسی روز راہل گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے 11 رہنماؤں کی جانب سے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور انتخابی عمل سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی بھی داخل کی گئی، جسے عدالت کی رجسٹری میں درج کرلیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
