کیرالہ، آسام اور پڈوچیری میں ووٹنگ جاری، مودی کی ووٹروں سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل

واضح رہے کہ انتخابی ریاستوں آسام میں 126 سیٹوں کے لیے 722 امیدوار میدان میں ہیں۔ کیرالہ میں 140 سیٹوں کے لیے 890 امیدوار میدان میں ہیں جب کہ پڈوچیری میں 30 سیٹوں کے لیے 294 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>آسام میں ووٹ ڈالنے کے بعد انگلی پر سیاہی کا نشان دکھاتیں خواتین / یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 اب جبکہ کیرالہ، آسام اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہوچکی ہے۔ صبح 7 بجے ووٹنگ کا آغاز ہونے سے پہلے ہی کچھ لوگ ووٹ دینے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔ اس موقع پرمختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے رائے دہندگان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے بوتھ پر پہنچنے اور ووٹ ضرور دینے کی اپیل کی۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی تینوں ریاستوں کے لوگوں سے ووٹنگ کے عمل میں جوش و خروش سے شرکت کی اپیل کی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’میں کیرالہ کے لوگوں سے 2026 کے اسمبلی انتخابات میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں، ریکارڈ توڑ شرکت کیرالہ کی جمہوری اقدار کو زندہ کرے گی۔ میں خاص طور پر ریاست کے نوجوانوں اور خواتین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ووٹ دیں‘‘۔ وزیر اعظم نے مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری کے لوگوں سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ پی ایم مودی نے ’ایکس‘  پر لکھا کہ ’’پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے آغاز کے موقع پر میں تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ میں خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین ووٹروں سے جمہوری عمل کو مضبوط کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہر ووٹ پڈوچیری کے مستقبل کی تشکیل میں اہمیت رکھتا ہے‘‘۔


ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ آسام اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے ووٹنگ شروع ہو نے کے ساتھ ہی میں ریاست کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ مجھے امید ہے کہ ریاست کے نوجوان اور خواتین ووٹر جوش و خروش سے حصہ لیں گے اور اس الیکشن کو جمہوریت اور عوامی فرض کا جشن بنائیں گے‘‘۔

اسی دوران آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمانتا بسوا سرما نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’’آسام میں آج ووٹنگ ہو رہی ہے اور بہتر آسام کی تعمیر کی راہ میں ہر آواز، ہر ووٹ معنیٰ رکھتا ہے۔ جمہوریت کے اس تہوار پر میں ہر ایک سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے آگے آئیں تاکہ جمہوریت مضبوط ہو اور آسام کو نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکے‘‘۔ معلوم ہو کہ آسام میں 126 سیٹوں کے لیے 722 امیدوار میدان میں ہیں۔ کیرالہ میں 140 سیٹوں کے لیے 890 امیدوار میدان میں ہیں جب کہ پڈوچیری میں 30 سیٹوں کے لیے 294 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔