وویک تیواری کی کار پولس بائیک سے ٹکرائی ہی نہیں، ایس آئی ٹی کا انکشاف

ملزم سپاہی پرشانت چودھری کا بیان ہے کہ وویک تیواری نے اپنی کار سے انھیں دھکا دینا چاہا جس کے بعد اپنے بچاؤ میں گولی چلانی پڑی۔ لیکن ایس آئی ٹی کے انکشاف کے بعد پرشانت کا بیان جھوٹا معلوم پڑ رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ میں گزشتہ مہینے ہوئے وویک تیواری قتل کا معاملہ ٹھنڈا ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک طرف وویک تیواری کو گولی مارنے والے ملزم سپاہی پرشانت چودھری کے حق میں یو پی پولس محکمہ اندر ہی اندر سُلگتا ہوا نظر آ رہا ہے اور دوسری طرف پرشانت کے تضاد بیان سے کچھ بھی صاف نہیں ہو پا رہا ہے۔ لیکن ایس آئی ٹی نے اس قتل معاملہ میں ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے ملزم سپاہی پرشانت کو ایک بار پھر کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیکنیکل سپورٹ ٹیم کے مطابق وویک تیواری کی کار اس رات سپاہیوں کی بائیک سے ٹکرائی ہی نہیں تھی۔

اس انکشاف کے بعد پرشانت کی مشکلیں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کیونکہ ابھی تک وہ یہی کہتے رہے ہیں کہ وویک تیواری ان پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کر رہا تھا اس لیے اپنے دفاع میں انھوں نے گولی چلائی تھی۔ اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ جب وویک تیواری کی کار پرشانت کی بائیک سے نہیں ٹکرائی اور اسے کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں ہوئی تو پھر کن حالات میں یہ قتل ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں 28 ستمبر کو وویک تیواری کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کا الزام دو پولس والوں پر لگا ہے اور دونوں ہی اس وقت حراست میں ہیں۔ ان دونوں کو ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا ہے۔ اس پورے معاملے میں ملزم سپاہی پرشانت چودھری نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’28 ستمبر کی رات 2 بجے مجھے ایک مشتبہ کار نظر آئی جس کی لائٹ بند تھی۔ جب میں نے کار کی تلاشی لینی چاہی تو وویک نے تین بار مجھے گاڑی سے مارنے کی کوشش کی جس کے بعد اپنے دفاع میں مجھے فائرنگ کرنی پڑی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2018, 5:09 PM